ایران: انٹرنیٹ کے طوفان کے سامنے بند باندھنے کی کوشش ، انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر علی خامنہ ای بھی پوری طرح آگاہ ہیں وہ اس فتنے کا ٹھوس طریقے سے تدارک چاہتے ہیں، ایرانی عہدیدار

جمعہ 31 جولائی 2015 09:19

تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 جولائی۔2015ء ) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے انٹرنیٹ کے طوفان اورسائبر اسپیس نیٹ ورک کا غلط استعمال روکنے کے لیے نیا لائحہ عمل مرتب کرنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی حکومت کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے غلط استعمال پر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ اس فتنے کا ٹھوس طریقے سے تدارک چاہتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹرنیٹ کی سائبر اسپیس کی سپریم نگراں کونسل کے چیئرمین محمد حسن انتظاری کا کہنا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے حال ہی میں انٹرنیٹ کا انفرا اسٹرکچر بچھانے والے ماہرین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران اس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ایرانی حکومت کے ایک دوسرے عہدیدار حسن غفاری کا کہنا ہے کہ انٹریٹ معاشرے میں "فساد کی جڑ" ہے جس کا 89 فی صد مواد غیر اخلاقی ہوتا ہے جو ایران میں 68 فی صد طلاق جیسے واقعات کا بھی موجب بن رہا ہے۔

موبائل فونز پر انٹرنیٹ کی سہولت نے عوام کو "اخلاقی دیوالیہ" پن کا شکار کر دیا ہے جس کے نتیجے میں نئی نسل بری طرح بگڑ رہی ہے۔خیال رہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کے غلط اور غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے ایک سال قبل قانون سازی کا بھی سہارا لیا گیا تھا۔ پچھلے سال دسمبر میں ایران کے پراسیکیوٹر جنرل ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ سپریم لیڈر انٹرنیٹ بالخصوص سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس کی مانیٹرنگ سخت کرنے کے خواہاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مسٹر رئیسی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اس وقت ہمارے دشمنوں کے لیے ایران کے اندر کھلا کھلاڑا بن چکا ہے اور وہ ہماری نئی نسل کے اخلاقیات، نفسیات اور پورے سماجی دھارے کو بکھیرنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے خاص طورپر سوشل میڈیا کے بڑھتے استعمال اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے راہ روی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ ایران میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹس بالخصوص "فیس بک"، "ٹویٹر" اور ویڈیو شیرئنگ ویب سائیٹ "یوٹیوب" کی پہلے ہی سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ پابندی کے اوقات میں ان ویب سائیٹ تک رسائی کے لیے پراکسی سافٹ ویئر کی خریداری پر بھی پابندی عاید کردی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :