وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،میٹروبس روٹ شاہدرہ سے رچناٹاوٴن تک بڑھانے کا فیصلہ ،معیشت کی مضبوطی کیلئے جدیدانفراسٹرکچر بنیادی اہمیت رکھتا ہے ،اربوں روپے انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر خرچ کیے جارہے ہیں ،شہبازشریف، عوام کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں اعلی معیار کے ساتھ تعمیر پنجاب حکومت کی پالیسی ہے ،شہری علاقوں کیساتھ دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی جدید سہولتوں کی فراہمی پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے، عوام کی سہولت کیلئے شروع کیے گئے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 4 جنوری 2016 09:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً انفراسٹرکچر کے پراجیکٹس کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں لاہور میٹروبس پراجیکٹ کا روٹ شاہدرہ سے رچنا ٹاوٴن تک بڑھانے کا فیصلہ بھی ہوا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے فروغ اورکاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں جدید اورمعیاری انفراسٹرکچرنہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

پنجاب حکومت صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کررہی ہے ۔صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی مقررہ مدت میں اعلی معیار کے ساتھ تعمیر پنجاب حکومت کی پالیسی ہے اورانفراسٹرکچر کے تمام منصوبوں میں ایک ایک پائی امانت سمجھ کرخرچ کی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت شہری علاقوں کیساتھ دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی جدید سہولتوں کی فراہمی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹروبس سسٹم کو عوام نے زبردست پذیرائی ملی ہے اور روزانہ لاکھوں افراد اس جدید ٹرانسپورٹ سسٹم سے استفادہ کررہے ہیں ۔میٹروبس سسٹم کی اسی افادیت اوراہمیت کے پیش نظر میٹروبس لاہور کا روٹ رچناٹاوٴن تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔میٹروبس پراجیکٹ کا روٹ 5کلو میٹر مزید بڑھانے سے شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ ایکسپریس وے کے منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے بہاوٴ میں نمایاں بہتری آئے گی۔منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے شروع کیے گئے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ڈی جی فرنٹےئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنرل محمد افضل،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،سیکرٹری خزانہ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی ایل ڈی اے اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :