سندھ حکومت کا صوبے میں زکوٰة کی وصولی خود کرنے کا فیصلہ ، وفاق کو خط بھیجا جارہاہے، اسٹیٹ بینک کو بھی خط لکھا جائیگا

منگل 5 جنوری 2016 09:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5جنوری۔2016ء)سندھ حکومت نے صوبے میں زکوٰة کی وصولی خود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لئے وفاق کو خط بھیجا جارہا ہے اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی خط لکھا جائیگا۔ یہ فیصلہ پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ ، مشیر برائے زکوٰة دوست محمد راہموں ، چئیرمین زکوٰة کونسل سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی ، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت ، سیکریٹری زکوٰة ریاض میمن، سیکریٹری انٹر پروینشل کو آرڈینیشن قاضی شاہد پرویز اور دیگر نے شرکت کی ۔

چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے 2011میں زکوٰة اینڈ عشر ایکٹ پاس کیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے تحت سندھ حکومت نے زکوٰة کونسل کا قیام کیا اور وہی قانون صوبائی حکومت کو زکوٰة کی وصولی اور تقسیم کے اختیارات دیتا ہے ۔محکمہ بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ آئینی اور قانونی لحاظ سے زکوٰة وصولی کے معاملے پر سندھ حکومت کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفاداتی کونسل کی کمیٹی نے اپنے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا تھا کہ زکوٰة وصولی اور تقسیم کے طریقہ کار کو 2015تک جاری رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فیصلہ کیا کہ سندھ حکومت نئے سال 2016سے صوبے میں زکوٰة وصولی خود کریگی اور اسی حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا جائیگا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں خط تحریر کریں اور سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ کو بھی اس حوالے سے اطلاع دیں کہ سندھ حکومت نے نئے سال سے زکوٰة وصولی خود کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو اسٹیٹ بینک کو بھی ایک خط لکھ کر آگاہ کریں کہ اب زکوٰة وصولی خود سندھ حکومت کریگی ۔ او ر اس حوالے سے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سے ملاقات رکھیں اور زکوٰة وصولی کے مکمل میکنیزم اور سندھ حکومت کو اکاؤنٹ میں جمع کرنے کے معاملات طے کریں۔ واضح رہے کہ اس وقت وفاقی حکومت سندھ کے زکوٰة وصولی کی ٹوٹل رقم میں سے صرف 23.7فیصد سندھ کو دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سیکریٹری زکوٰة اور زکوٰة کونسل کے اختیاریوں کو بینک کٹوتی کے علاوہ زکوٰة وصولی کے دیگر ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ پر زور دیا کہ وہ زکوٰة کونسل کی تشکیل نئے سرے سے کریں اور اس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں اور دیگر معتبر شخصتیوں کو شامل کریں

متعلقہ عنوان :