وزیر اعظم ہیلتھ انشورنش سکیم پنجاب میں بھی جلد شروع کی جا رہی ہے ،پہلے مرحلہ میں پنجاب کے چار اضلاع نارووال ، خانیوال ، سرگودھا اور رحیم یار خان کے 12 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے

جمعہ 8 جنوری 2016 09:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء) وزیر اعظم پاکستان ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز صوبہ پنجاب میں جلد کیا جا رہا ہے اور پہلے مرحلہ میں چار اضلاع نارووال ، خانیوال ، سرگودھا اور رحیم یار خان کے 12 لاکھ 87 ہزار خاندان علاج معالجہ کی مفت سہولیات سے مستفید ہوں گے - عام بیماریوں کے میڈیکل اینڈ سرجیکل علاج کے لئے ہسپتال میں زیر علاج مریض کو 50 ہزار روپے سالانہ کی حد ہو گی جبکہ کرانک امراض مثلاً امراض قلب ، شوگر ، کینسر ، جگر ، گردوں کے علاج کے لئے فی خاندان اڑھائی لاکھ روپے سالانہ کی حد ہو گی اور ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے 5 دن تک کی ادویات کی فراہمی بھی ہیلتھ انشورنس کی کوریج میں شامل ہو گی -یہ بات آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی اجلاس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ، صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا ، وفاقی سیکرٹری صحت محمد ایوب شیخ ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر اجمل خان ایڈیشنل سیکرٹری اعجاز الحق کے علاوہ نادرا اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی - ہیلتھ انشورنس سکیم میں پنجاب حکومت مالی تعاون کرے گی - جس کے لئے حکومت کو اربوں روپے کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے - اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی جانے والی ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز اسلام آباد سے کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں مظفر آباد ، کوئٹہ ، رحیم یار خان ، خیبر ایجنسی ، سرگودھا ، لسبیلہ ، کوٹلی ، باجوڑ ایجنسی ، نارووال ، لورا لائی ، سکردو ، خانیوال ، کچھ اور دیامیر شامل ہیں - پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس سکیم کے لئے غریب او رپسماندہ اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کیا گیا ہے - اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں نادرا کی مدد سے غریب خاندانوں کی رجسٹریشن شروع کر کے انہیں ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے - سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے تمام متعلقہ شہروں میں ہسپتالوں کے پینل بنا دئیے ہیں

متعلقہ عنوان :