صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله وزیر قانون نہیں ، قانون شکن ہے،چوہدری شیر علی ،چوہدری شیر علی کا دماغی توازن درست نہیں اپنا مکمل علاج کرائیں،رانا ثناء اللہ کا ردعمل

اتوار 10 جنوری 2016 09:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے والد سابق میئر و سابق ایم این اے چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله وزیر قانون نہیں بلکہ قانون شکن ہے انہوں نے اپنی وزارت کے دوران پہلے بیس افراد قتل کرائے تھے اور اب ان کی تعداد بیس سے بڑھ کر اکیس ہوگئی ہے کیونکہ گزشتہ روز پولیس انسپکٹر رانا آصف قتل ہوئے ہیں وہ بھی صوبائی وزیر قانون رانا الله ملوث ہیں۔

صوبائی وزیر قانون کو ڈر تھا کہ پولیس انسپکٹر رانا آصف نے جو مختلف پولیس مقابلوں میں لوگوں کو قتل کیا تھا اس کا راز فاش نہ ہوجائے انہوں نے کہا کہ ان تمام واقعات کی جوائنٹ انویسٹی گیشن کے ذریعے تحقیقات ہونی چاہیے۔ چوہدری شیر علی نے مزید کہا کہ میں نے ان تمام واقعات کو وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے نوٹس میں لا دیا ہے اب ان کا کام ہے کہ وہ ان واقعات کی تحقیقات کرائیں۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے سابق ایم این اے چوہدری شیر علی کے حالیہ بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری شیر علی ہمارے بزرگ ہیں ان کا دماغی توازن درست نہیں رہا انہیں کی ضرورت ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنا مکمل علاج کرائیں۔ میں ان کی صحت کیلئے دعا ہی کر سکتا ہوں کہ الله تعالیٰ انہیں تندرستی اور صحت کاملا عطا فرمائے۔