سینٹ نے نیکٹا کو دو ار ب اضافی رقم دینے کی قرارداد اکثریت رائے سے منظور ،قرارد اد سینیٹر اعظم خان سواتی نے پیش کی،حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سنجیدہ ، جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ پر کام شروع ہوچکا ہے آئندہ سالوں میں فنڈنگ کو مزید بڑھائیں گے، وزیر مملکت بلیغ الرحمن

منگل 12 جنوری 2016 09:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کے ایوان بالا نے نیکٹا کو دو ارب روپے اضافی رقم دینے کی قرارداد اکثریت رائے سے منظور کرلی ۔ پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر اعظم خان سواتی نے قرارداد پیش کی کہ حکومت نیکٹا کو اس کے آپریشنز جاری رکھنے اور قومی سلامتی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے نیکٹا کو دو ارب روپے کی اضافی رقم فراہم کرے انہوں نے مزید کہا کہ اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے نیکٹا کو وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے گزشتہ ایک سال سے نیکٹا کے بورڈ آف گورننس کی میٹنگ نہیں ہوسکی ہے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پشاور میں اے پی ایس سکول پر حملہ کو ایک سال ہوگیا ہے حکومت کو اب تک کئے گئے اقدامات کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ نیکٹا نے رواں مالی سال کے بجٹ میں دو ارب روپے مانگے تھے مگر ابھی تک انہیں رقم فراہم نہیں کی گئی ہے اس سے لگتا ہے کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دلچسپی نہیں رکھتی اس پر بحث کو سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ نیکٹا کو مزید فنڈنگ کرنے کی ضرورت ہے نیکٹا کو فنڈنگ دس گنا تک بڑھا دی ہے حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سنجیدہ ہے موجودہ حکومت نے پاکستان کی پہلی نیشنل سکیورٹی پالیسی میں نیکٹا کو محور بنایا تھا اس کے علاوہ جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ پر کام شروع ہوچکا ہے آئندہ آنے والے سالوں میں فنڈنگ کو مزید بڑھائیں گے اس پر چیئرمین سینٹ نے قرارداد کی منظوری کے حوالے سے رائے شماری کروائی جس پر اپوزیشن کے تیرہ ارکان نے اس قرارداد کی حمایت کی اور حکومت کے نو ممبران نے اس کی مخالفت کی جس پر سینٹ میں اس قرارداد کو اکثریت رائے سے منظور کرلیا گیا دریں اثناء سینٹ نے سینیٹر کرنل ریٹائرڈ طاہر مشہدی کی جانب سے اسلام آباد میں نئے رہائشی شیلٹرز کے قیام پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی کارکردگی کو بہتر بتانے اور پاکستانی اشیاء کے ہے بیرون ممالک میں نئی منڈیوں کی تلاش کے لئے فوری اقدامات کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی اس طرح سینیٹر نگہت مرزا اورسینیٹر صمد علی خان سیف کی جانب سے وی آئی پی پروٹوکول پر فوری پابندی عائد کئے جانے کی قرارداد بھی ایوان بالا میں متفقہ طور پر منظور کرلی ۔

(جاری ہے)

بعدازان سینٹ اجلاس آج منگل کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :