سادہ کاغذ پر ادائیگیاں،وزارت پانی و بجلی میں 25 ارب کا سکینڈل ،سیکرٹری پانی و بجلی نے سادہ کاغذ پر وزارت خزانہ کو اربوں کی ادائیگی کا گرین سگنل دیا تھا ‘ آڈٹ رپورٹ

جمعرات 14 جنوری 2016 02:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14جنوری۔2016ء)وزارت پانی و بجلی میں 25 ارب روپے کے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے‘ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نے سادہ کاغذ پر این ٹی ڈی سی اور جینکو کو 25 ارب سے زائد کی رقم ادائیگی کیلئے وزارت خزانہ کو گرین سگنل دیا تھا۔ اس سکینڈل کا انکشاف آڈٹ حکام نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے جسے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش کیا گیا ہے ۔

رپورٹ کی مصدقہ کاپی خبر رساں ادارے نے حاصل کرلی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نے اگست 2015 ء میں ہونے والے محکمانہ کمیٹی اجلاس میں اقرار کیا تھا کہ این ٹی ڈی سی اور جینکو کو 25 ارب روپے کی ادائیگی سادہ رسیدوں پر کی گئی ہیں اور کیش سیٹلمنٹ کا ریکارڈ پیپکو حکام کے پاس ہے ۔ آڈٹ حکام نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پیپکو حکام کو ہدایت کی گئی تھی کہ مصدقہ ریکارڈ دو دن کے اندر اندر آڈیٹر جنرل عملہ کو دی جائے تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود 25 ارب ادائیگی بارے ان دونوں کمپنیوں کی رسیدیں فراہم نہیں کیں رپورٹ میں اس بات کا عندیہ دیا گیاہے کہ 25 ارب کی ادائیگی ملک کا سب سے بڑا کرپشن کا سکینڈل بن سکتا ہے اور اس سکینڈل کے مبینہ اہم کردار وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام ہوسکتے ہیں آڈٹ حکام نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ سیکرٹری پانی و بجلی نے سادہ کاغذ پر 25 ارب روپے کی ادائیگی کیلئے وزارت خزانہ کو کیوں گرین سگنل دیا تھا اس کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کی جانی چاہئیں اور ذمہ دار کرپٹ افسران کی نشاندہی کرکے مجرمانہ کارروائی شروع کی جائے۔

(جاری ہے)

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بہت جلد اس اہم مسئلے پر غور کرے گی

متعلقہ عنوان :