کراچی ، وزیراعلیٰ سندھ کا ایک ہفتے کے اندر شہر کو صاف کر کے ہر گٹر پر ڈھکن لگانے کا حکم

پیر 18 جنوری 2016 09:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں کھلے گٹروں پر اپنی تصاویر سے تنگ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ایک ہفتے کے اندر شہر کو صاف کر کے ہر گٹر پر ڈھکن لگانے کا حکم دے دیا۔کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں اور سیورج لائنوں کے مرمتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ شہر میں جگہ جگہ پائپ لائنیں اور سیورج لائنیں پھٹ چکی ہیں اسی لئے مرمتی کاموں کا جائزہ لینے شہر کے دورے پر نکلا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے کمشنر کراچی کو چارج سنبھالے ابھی ایک ماہ کا عرصہ ہوا ہے اور انھوں نے ایک ماہ کی مہلت بھی مانگی تھی لیکن میں دیکھنے آیا ہوں کہ یہ کام ایک ماہ کا ہے یا اس میں زیادہ مدت درکار ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے جس علاقے میں بھی گٹر پر ڈھکن نہیں ہوتا تو وہاں میری تصویر لگا دی جاتی ہے، ایک ہفتے کے اندر اندر کے ایم سی کا عملہ شہر کو صاف کردے گا جب کہ شہر کے ہر گٹر کا ڈھکن بھی لگا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے لئے 90 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں، واٹر بورڈ حکام سخت محنت اور ایمانداری سے کام کررہے ہیں لیکن اگر کسی بھی شخص یا ادارے کو غفلت کا مرتکب پایا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :