امریکا اور ایران کا 35برس پرانا مقدمہ باہمی رضامندی سے ختم ، مقدمہ ختم ہو نے پر امریکا ایران کو ایک ارب 70کروڑ ڈالر کی واجب الادا رقم فراہم کرے گا

منگل 19 جنوری 2016 08:27

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19جنوری۔2016ء)امریکا اور ایران نے 35 برس پرانے مقدمے کو باہمی رضامندی سے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ، جس کے بعد اب امریکا ایران کو ایک ارب 70کروڑ ڈالر کی واجب الادا رقم فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ایران کو رقم کی ادائیگی کا اعلان امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں کیا ، انقلاب ایران سے قبل تہران نے 40 کروڑ ڈالر مالیت کی رقم امریکا کو فراہم کی تھی، جس کے بدلے میں اسلحہ خریدا جانا تھا، تاہم انقلاب کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات ختم ہوگئے تھے۔

1981 ء میں اس رقم کا تنازع حل کرنے کے لیے ایک ٹریبونل قائم کیا گیا تھا، جہاں یہ مقدمہ گزشتہ35 برس سے چل رہا تھا، تاہم اب دونوں ممالک نے باہمی رضامندی سے اس معاملے کو حل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس رضامندی کے نتیجے میں امریکا ایران کو اصل رقم اور سود ملا کر کل 1 ارب70کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔ادھر صدر اوباما نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جو رقم فراہم کررہا ہے وہ اس رقم سے کہیں کم ہے جو ایران کو مقدمہ کے صورت میں حاصل ہوتی۔

متعلقہ عنوان :