1لاکھ 30ہزار افغان شہریوں کو نادرا نے بلیک لسٹ کردیا،افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کی تاریخ میں توسیع کے وقت سیکورٹی اداروں نے تصدیق کرکے مشکو ک قرار دیا تھا،رواں سال کے آخر تک مزید 1لاکھ افغان شہریوں کو ”فیملی ٹری “ نہ ہونے پر مشکو ک قرار دیاجاسکتا ہے،نادرا ذرائع

جمعرات 21 جنوری 2016 08:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21جنوری۔2016ء) پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے 1لاکھ 30ہزار افغان شہریوں کو نادرا نے تصدیق کرکے بلیک لسٹ کردیاہے ،مذکورہ افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کی تاریخ میں توسیع کے وقت سیکورٹی اداروں نے تصدیق کرکے مشکو ک قرار دیا جس پر نادرا نے کارروائی کی ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک مزید 1لاکھ افغان شہریوں کو ”فیملی ٹری “ نہ ہونے پر مشکو ک قرار دیاجاسکتا ہے ۔

خبر رساں ادارے کو نادرا ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وفاق سمیت ملک بھر میں افغانی شہریوں نے جائیدادیں اور کاروبار کو وسعت دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں اسی وجہ سے افغانی شہریوں کی شناخت کرنے میں متعلقہ اداروں کو دشواری کا سامنا ہے تاہم متعلقہ ادارے کافی حد تک کامیابی حاصل کرکے ایک لاکھ تیس ہزار جعلی شناختی کارڈ کے حامل افغان شہریوں کا کھوج لگا لیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں متعلقہ اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیاہے جس سے رواں سال 2016ء میں مزید ایک لاکھ جعلی شناختی کارڈ کے حامل افغان شہریوں کی شناخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہاہے ۔ واضح رہے کہ سابقہ ا دوار میں ملک بھر میں شناختی کارڈ کمپیوٹرائزاڈ ہونے کے وقت 25لاکھ سے زائد افغان شہریوں نے جعل سازی سے پاکستانی شہریت حاصل کرلی تھی جس کی تصدیق کا عمل نادرا سمیت دیگر سیکورٹی اداروں نے ممکن بناناتھا جن کو شناختی کارڈ کی تاریخ میں توسیع کے وقت سیکورٹی اداروں کی جانب سے تصدیق کے دوران فیملی ٹری نہ ہونے پر ممکن بنایاگیا ہے ۔

اس امر میں اب تک نادرا نے ایک لاکھ سے زائد افغان شہریوں کی تصدیق مکمل کرلی ہے جنہیں مشکوک ہونے پر ان کے شناختی کارڈ بلاک کرکے بلیک لسٹ میں ڈال دیاگیا ہے اور اس حوالے سے وزارت سیفران اور وزارت داخلہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے جس کے بعدمزید لاکھوں افغان شہریوں کو تصدیق کیے جانے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :