شامی اور عراقی پناہ گزین مکمل چھان بین کے بعد امریکہ میں داخل ہوسکتے ہیں ، امریکی سینیٹ نے پناہ گزینوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے روکنے کے خلاف بل مسترد کر دیا،بل کے حق میں 55 اور مخالفت میں 43 ووٹ ڈالے گئے

جمعہ 22 جنوری 2016 09:51

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء) امریکی سینیٹ نے شامی اور عراقی پناہ گزینوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے روکنے کے خلاف بل مسترد کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں شامی اور عراقی پناہ گزینوں کے ملک میں داخلے کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی، بل کے حق میں 55 اور مخالفت میں 43 ووٹ ڈالے گئے جب کہ 100 افراد پر مشتمل ایوان میں بل کی منظوری کے لئے 60 ووٹ حاصل کرنا لازمی تھے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر براک اوباما کی جماعت ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی مخالفت کی جب کہ کسی بھی ریپبلکن ممبر نے مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔امریکی سینیٹ میں پیش کئے گئے بل کے متن کے مطابق شامی اور عراقی پناہ گزین کی ملک میں داخلے سے قبل اعلیٰ حکام کو ہر شہری کی فرداً فرداً تصدیق کرنا ہوگی اور اس بات کی مکمل یقین دہانی کرانی ہو گی کہ یہ لوگ امریکا کی سیکیورٹی کے لئے خطرہ نہیں ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے گانگریس کو بل کی حمایت میں ووٹ دینے سے خبردار کیا تھا جب کہ گزشتہ برس ستمبر میں براک اوباما نے ایک سال میں 10 ہزار شامی پناہ گزین کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔