سرن کا ایسوسی ایٹ ممبر بننا پاکستان کیلئے باعث افتخار ہے،وزیراعظم ،سرن میں شرکت پاکستانی سائنسدانوں ، انجینئروں اور ٹیکنشنوں کی کاوشوں کا اعتراف اور نئے دور کا آغاز ہے،دنیا کے ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کی تعریف کر رہے ہیں،سرن کے دورے میں خطاب،جنیوا روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو

اتوار 24 جنوری 2016 10:26

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24جنوری۔2016ء) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے یورپی مرکز برائے ایٹمی ریسرچ (سرن) میں پاکستانی سائنسدانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عظیم ادارے کا ایسوسی ایٹ ممبر بننا باعث افتخار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرن کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کے شرکاء میں بین الاقوامی سائنس دانوں کے علاوہ پاکستانی سائنسدانوں اور ٹیکنشنز بھی شامل تھے وزیراعظم نے کہا کہ سرن سائنسی تحقیق میں صف اول کے بین الاقوامی اداروں میں شامل ہے اور یہ بات پاکستان کے لئے باعث افتخار ہے کہ پاکستان سرن کا ایسوسی ایٹ ممبر بنا پاکستان پہلا غیر یورپی ملک ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے پاکستانی سائنسدانوں کی بے پناہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سرن میں پاکستان کی بطور ایسوسی ایٹ ممبر شرکت بذات خود پاکستانی سائنسدانوں ، انجینئروں اور ٹیکنشنوں کی کاوشوں کا اعتراف ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سرن 1994ء سے باہمی تعاون کر رہے ہیں جس میں جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے کئی منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سرن میں بطور ایسوسی ایٹ ممبر شمولیت سے باہمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے جس کی بدولت دونوں اطراف کے سائنسدانوں کے درمیان طویل المعیاد شراکت داری مضبوط بنیادوں پر قائم ہوگی اور پاکستان سائنسدانوں کو موقع ملے گا کہ وہ سرن سٹاف کے رکن بن سکیں اور سرن کے تربیتی منصوبوں میں شریک ہوسکیں اس کے علاوہ پاکستانی صنعت سرن کے معاہدات کی بولی دے سکے گی جس سے جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں صنعتی تعاون کے مواقع پید ا ہوں گے انہوں نے کہا کہ سرن میں پاکستان کی شراکت داری ٹھوس بنیادوں پر استوار ہے پاکستان کی ایلمنٹری فزکس کی تحقیق کے شعبے میں طویل تاریخ رقم کی ہے اور پاکستان اس شعبہ میں بہت سے نامی گرامی سائنسدان پیدا کئے ہیں جن میں نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام بھی شال ہیں پاکستان نے سرن کے پروگراموں کے فروغ کیلئے 2003ء سے کئی آلات بھی فراہم کئے ہیں پاکستان کے ہیوی مکنیکل کمپلیکس تھری کو 2006ء سے بہترین صنعتی شراکت دار سرن ایوارڈ بھی جیتا ہے وزیراعظم کا سرن کا دورہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا واضح اظہار ہے ،وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک سمیت ورلڈ اکنامک فورم کے بانی نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار کو سراہا ہے، قومی ترقی میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ دیکھنا چاہتے ہیں اور خواتین کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیووس کے ہوائی اڈے پر جنیوا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں عالمی رہنماؤں اور دنیا کے بہترین تاجروں سے ملاقات کا موقع ملا ہے ان ملاقاتوں سے معلوم ہوا کہ پاکستان کے بارے میں دنیا بھر میں اچھی رائے قائم ہو چکی ہے دنیا کے ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کی تعریف کر رہے ہیں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کے بانی پروفلپر کلازشواب سے ملاقات کافی اچھی رہی انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار کو سراہا ہے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم خواتین کی ترقی کو اولین ترجیحی دیتے ہیں اس لئے یوتھ لون سکیم بھی 50 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کئے ہیں پاکستان کی ترقی میں خواتین کو برابر کا شراکت دار دیکھنا چاہتے ہیں ۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں اقتصادی کامیابیوں کو تسلیم کیا ہے۔ہفتہ کو ڈیووس سے جنیوا روانگی سے روانگی سے قبل نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی رہنما پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت رائے رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مختلف ملکوں اور حکومتوں کے سربراہان سے ملاقات کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہا ہے ۔انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کا حوالہ دیا جنہوں نے پاکستان کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ حکومت زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کر رہی ہے جبکہ یوتھ لون سکیم میں خواتین کو 50 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے

متعلقہ عنوان :