شاہ سلمان کی خطے میں ایرانی مداخلت پر جان کیری سے بات چیت، شام کی صورت حال و عرب خطے میں ایران کی بڑھتی مداخلت پر تبادلہ خیال

پیر 25 جنوری 2016 09:26

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25جنوری۔2016ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے وفد کے ہمراہ اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ شاہ سلمان نے امریکی وزیرخارجہ سے تبادلہ خیال کے دوران شام کی صورت حال اور عرب خطے میں ایران کی بڑھتی مداخلت پر بات چیت کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ جان کیری نے صدر باراک اوباما کی جانب سے شاہ سلمان کے لیے نیک تمناوٴں کا پیغام بھی پہنچایا۔

دونوں رہ نماوٴں کے درمیان طویل ملاقات میں شام کے بحران کے منصفانہ اور دیر حل کے علاوہ عرب ممالک میں ایران کی بڑھتی مداخلت کی روک تھام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے موقع پر وزیردفاع ونائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، وزیرثقافت واطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی، وزیرخارجہ عادل الجبیر اور سعودی عرب کے انٹیلی جنس چیف خالد بن علی الحمیدان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے ساتھ آنے والے وفد میں معاون سیکرٹری خارجہ برائے مشرق وسطیٰ و مشرق قریب این ڈبلیو پیٹرسن، سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جوزف ویسٹفول، وزیرخارجہ کی انتظامی معاون لیسا کینا اور دیگر موجود تھے۔بعد ازاں سعودی وزیردفاع اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان الگ ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

متعلقہ عنوان :