ڈنمارک کی ونڈ پاور کی بین الاقوامی کمپنی ویسٹاز جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائیگی ، چین کی معروف کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور رحیم یار خان میں 660 میگاواٹ کے2کول پاور پلانٹ لگائے گی، جنوبی پنجاب میں 2320میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے معاہدے،یہ معاہدے ماڈل ٹاوٴن میں منعقدہ دو الگ الگ تقاریب میں طے پائے ، مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے، وزیراعلیٰ نے ویسٹاز کے نائب صدرکو لیٹر آف انٹنٹ دیا، جنوبی پنجاب میں ہزارمیگاواٹ کے ونڈ پاور پراجیکٹس لگیں گے، ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کے منصوبوں کے حوالے سے یہ ایک سنگ میل حاصل ہوا ہے:شہبازشریف،چین کی کمپنی رحیم یارخان میں 1320میگاواٹ کاکو ل پاور پلانٹ لگائے گی،پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی،پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسد الرحمان گیلانی اورچین کی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ نے معاہدے پر دستخط کیے

جمعرات 4 فروری 2016 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء) پنجاب حکومت اورچین و ڈنمارک کی کمپنیوں کے مابین جنوبی پنجاب میں 2320میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے معاہدے طے پاگئے۔یہ معاہدے آج ماڈل ٹاوٴن میں منعقدہ دو الگ الگ تقاریب میں طے پائے جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے ۔پنجاب حکومت اورڈنمارک کے درمیان طے پانیوالے معاہدے کے تحت ڈنمارک کی ونڈ پاور جنریشن کی بین الاقوامی کمپنی ویسٹاز جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائے گی جبکہ چین کی معروف کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور (Hauneng Shandong) اورپنجاب حکومت کے مابین ہونیوالے معاہدے کے مطابق چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگا واٹ کے2کول پاور پلانٹ لگائے گی۔

پنجاب حکومت اور ڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز(VESTAS) کے مابین ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے ویسٹاز کے نائب صدر جیراڈ کیریو(Mr.Gerard Carew) کو لیٹر آف انٹنٹ(LOI) دیا،جس کے تحت جنوبی پنجاب میں 250میگاواٹ کے چار ونڈ پاور پراجیکٹس لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جن پر2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں اعلان کیا گیا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں اوران علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں ہوا سے بجلی کے حصول کے پلانٹ لگائے جاسکتے ہیں ۔

ونڈ کوریڈور کی نشاندہی میں پاکستان کے ڈنمارک کے سابق سفیر جیسپر مولر سورنسن (Mr. Jesper Moller Sorensen) کابہت تعاون رہا ہے ۔ہوا سے بجلی پیدا کرنے میں دنیا کی مشہور کمپنی ویسٹازکے تعاون سے صوبے میں ونڈ کوریڈور کی نشاندہی ہوئی اوراس مقصد کیلئے ڈنمارک کی کمپنی نے ہماری بلامعاوضہ مدد کی جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج پنجاب حکومت اورڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز کے درمیان ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کے منصوبے کے حوالے سے یہ سنگ میل حاصل ہوا ہے۔

جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی کے حصول کے250میگاواٹ کے چار یونٹ لگیں گے اورپہلے مرحلے میں 250میگاواٹ کا یونٹ 2018ء میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کایہ منصوبہ دنیا میں ایک بڑا منصوبہ شمار ہو گااورتوانائی کی کمی کے مسلئے پرقابو پانے میں معاون اورمد گار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیاد ت میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے ۔

سندھ،خیبر پختونخواہ ،بلوچستان،پنجاب اورآزاد کشمیر میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے اوران منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے اندھیرے دور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میری پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں سے د رخواست ہے کہ وہ آگے بڑھیں اورتوانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں میں خادم بن کربھر پور تعاون کروں گا۔پنجاب حکومت اور توانائی کے ادارے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔

یہاں کسی کو ایک دھیلا بطوررشوت نہیں دینا پڑے گی اور نہ ہی وقت کا ضیاع ہوگا۔ہم آپ کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے اورتوانائی منصوبوں پر عملدر آمد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔میری سرمایہ کاروں سے درخواست ہے کہ وہ آگے آئیں اورپاکستان سے توانائی بحران کے خاتمے میں اپنا کردارادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ خیال یہ تھا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے امکانات نہیں ہیں لیکن ویسٹاز نے پنجاب میں ونڈ کوریڈور کی نشاندہی کردی ہے اوراب سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہییانہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ پرانتہائی تیزرفتاری سے کام جاری اوراس منصوبے پر ساڑھے چھ ماہ قبل کام کا آغاز ہوا تھا اوراب تک 50.8فیصدتعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے عموماً پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔چین میں بھی اس استعدادکار کے منصوبے تقریباً چار سال میں مکمل ہوئے ہیں تاہم ساہیوال کول پاورپلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قوموں کے زندہ رہنے ،ترقی اورخوشحالی کے سفر پر گامزن ہونے اوراقوام عالم میں باوقار مقام کے حصول کیلئے یہی طریقہ ہے کہ محنت، عزم اوردیانت سے کام کرتے ہوئے آگے بڑھاجائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ملک کے سب سے بڑے ونڈ انرجی پراجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیاہے -پنجاب حکومت ویسٹاز ونڈ سسٹمز کے اشتراک سے ہوا کی مدد سے پیدا کی جانے والی ایک ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے بحران سے دو چار ہے اور پنجاب حکومت اس بحران کے خاتمے کیلئے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں نئے امکانات تلاش کر رہی ہے -انہوں نے کہا کہ ڈنمارک مدت سے ونڈ انرجی کے بانیوں میں سے ہے اور ویسٹاز عالمی طور پر نمایاں ہے -ویسٹاز اور پنجاب حکومت کو کم عرصے میں اپنا تعاون بڑھانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مجھے یقین ہے کہ یہ پراجیکٹ پنجاب میں انرجی بحران کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہو گا -ڈنمار ک حکومت کی وزرات خارجہ کے پولیٹیکل ڈائریکٹر جیسپر مولرسورنسن جنہوں نے پاکستان میں 2013سے 2015تک سفیر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دئیے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے ویسٹاز کو متعارف کروایا تھا ۔ انرجی سیکٹر میں ڈنمارک کی کمپنیوں کیلئے پاکستان ایک حیرت انگیز مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے اوروہ قابل تجدید توانائی کے حوالے سے آگے بڑ ھ رہا ہے جہاں ڈنمارک کی کمپنیاں کافی مضبوط ہیں -ڈنمارک مدت سے ونڈ انرجی کے بانیوں میں سے ہے اور ویسٹاز عالمی طور پر نمایاں ہے -انہوں نے کہا کہ وہ ویسٹاز اور پنجاب حکومت کو کم عرصے میں اپنا تعاون بڑھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں-ابھی ڈیڑھ سال ہوا ہے کہ ہم نے پنجاب حکومت کو ویسٹاز کی تکنیکی صلاحیتوں سے متعارف کرایا تھا - مجھے یقین ہے کہ یہ پراجیکٹ پنجاب میں انرجی بحران کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہو گا -اس پراجیکٹ کے علاوہ ڈنمارک قابل تجدید انرجی کے شعبے میں پنجاب حکومت کو مزید تکنیکی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے - ڈنمارک کی حکومت نے ونڈپالیسی ،تکنیکی ربط اور فنانسنگ کے شعبے میں ڈنمارک کی مہارت کو متعلقہ پاکستانی سٹیک ہولڈرز تک منتقل کرنے کا منصوبہ بنایاہے - 250میگا واٹ کے پہلے پراجیکٹ سے کمرشل آپریشن کے آغاز کا ہدف 2018ہے - ہم حکومت پنجاب کی ساتھ اپنے اشتراک کے اس سنگ میل تک پہنچ کر بہت خوش ہیں - انڈسٹری لیڈنگ سائیٹ ہنٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ویسٹاز نے پنجاب میں ونڈ انرجی کے امکانات تلاش کئے جن پر پہلے غور نہیں کیا گیا تھا -ہم تعاون اور مدد فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں او رپراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی کی تکمیل، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکرکام کرنے ،آرڈرز کو یقینی بنانے اور ان پراجیکٹس کی تعمیر کے آغاز کے حوالے سے آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں - ویسٹاز کے نائب صدر جیراڈ کیریونے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹاز 74ممالک میں ونڈ انرجی فراہم کرتی ہے او ر اس نے 19500لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں -ویسٹاز نے انڈسٹری میں دوسروں سے 52فیصد زائد میگا واٹ نصب کئے ہیں اور دنیا بھر میں 71گیگا واٹ کی استعدادکار کے منصوبے لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹاز پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں اہم کردارادا کرکرنے کیلئے پرعزم ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزراء شیر علی خان،عائشہ غوث پاشا، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر حکام بھی موجودتھے ۔قبل ازیں پنجاب حکومت اورچین کی کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور (Hauneng Shandong) کے مابین آج یہاں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط ہوئے ۔

اس منصوبے پر تقریباً2ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوگی۔معاہدے کے تحت چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹ لگائے گی۔پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسد الرحمان گیلانی اورچین کی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ (Mr. Wang Wen Zong) نے معاہدے پر دستخط کیے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اورچین کی کمپنی کے مابین 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کا معاہدہ خوش آئند ہے۔

پنجاب حکومت چینی کمپنی کو منصوبے پر عملدر آمد کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون سے ملک کے اندھیرے دور کرنے کیلئے تیزرفتاری سے کام شروع ہوچکا ہے ۔ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔منصوبے کا 50فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ رفتار،شفافیت اوراعلی معیار کی نئی تاریخ رقم کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں1.8ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کی کمپنیوں نے کی ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا یہ منصوبہ پاکستان سے اندھیرے دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاقی ادارے توانائی کے منصوبے پر انتہائی محنت اورعزم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلویز،پورٹ قاسم اتھارٹی،این ٹی ڈی سی نے اپنے متعلقہ کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

چینی کمپنی کے صدرنے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے توانائی منصوبوں کو عملی روپ دینے میں دن رات ایک کررکھا ہے ۔ پاک چین دوستی کو آگے لیجانے میں بھی شہبازشریف کا کردارنمایا ں ہے ۔ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران ،چےئرمین قائد اعظم سولر پاور کمپنی عارف سید،چےئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی،رویائی گروپ کی نائب صدر میڈم لی آئے ینگ(Madam.Li Ai Ying )،چینی قونصل جنرل یوبورن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔