پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا نجکاری کے خلاف 8روز ہ ہڑتال ختم کرنے کا علان ،نجکاری کے خلاف جو مسائل ہیں انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا ،پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی اہم فیصلے پرپہنچ گئی ہے ،ملازمین جانفشانی سے فلائٹ آپریشن بحال کرنا شروع کردیں،چیئرمین کمیٹی کیپٹن سہیل بلوچ کی مشترکہ پریس کانفرنس ،پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ختم،فلائٹ آپریشن مکمل بحال ،مشکلات پر معذرت خواہ ہیں،مسافر بکنگ شیڈول کے مطابق آسکتے ہیں،پی آئی اے

بدھ 10 فروری 2016 09:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2016ء) پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نجکاری کے خلاف گذشتہ8روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا علان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نجکاری کے خلاف جو مسائل ہیں انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا ، پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی اہم فیصلے پرپہنچ گئی ہے ،ملازمین جانفشانی سے فلائٹ آپریشن بحال کرنا شروع کردیں ۔

منگل کے روز پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو ساتھیوں کی قربانیا ں رائیگاں نہیں جائیں گی ،نجکاری کے حوالے سے جاری احتجاج کو ختم کرانے میں ایک مہربان دوست کا اہم کردار ہے تمام مسائل ایک مہربان دوست کے سبب حل ہوئے ہیں، معاملات طے کرانے والے دوستوں نے نام بتانے سے انکار کیا ہے اس لئے ان کا نام فی الوقت مظر عام پر نہیں لایا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ ذمہ داروں سے رابطے میں ہیں لاہور میں وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات ہو گی جہاں پی آئی اے ملازمین کے مسائل پر غور کیا جائیگا اور قومی امید ہے کہ آنیوالے دن پی آئی اے کے ملازمین کیلئے بہتر ثابت ہوں گے حکومت نے بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے جس کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طیاروں کی سیفٹی سے متعلق کوتاہی نہیں کرسکتے ہیں حکومت نے بھی طیاروں،مسافروں سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اس لئے ایئر سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہم ثابت کریں گے کہ قومی ایئر لائن ترقی کر سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج سب کو اپنی جدوجہد کے نتیجے کے بارے میں بتائیں گے، ہماری جدوجہد کا اچھا نتیجہ آئے گا۔ادھرپی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن مکمل بحال ہوگیا‘ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر بکنگ شیڈول کے مطابق آسکتے ہیں۔ منگل کے روز پی آئی اے کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد تمام ملازمین اپنی مقررہ ڈیوٹی پر پہنچ گئے ہیں اور تمام اندرون اور بیرون ملک پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہورہی ہیں پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کو آٹھ دن پیش آنے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہیں۔ مسافر اب اپنے بکنگ شیڈول کے مطابق ائیرپورٹ پر آسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :