نوازشریف کے دور حکومت میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے،عمران خان ،انہیں عوام کی پرواہ نہیں،ان کا اقتدار میں آنے کا مقصد اپنے کاروبار کو بڑھانا ہے،خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں اصلاحات کے لئے حکومت بھی چھوڑنا پڑی تو پرواہ نہیں مگر اصلاحات ضرور لائیں گے،گوجرانوالہ میں حامد ناصر چٹھہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 10:04

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے دور حکومت میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے،انہیں عوام کی پرواہ نہیں،ان کا اقتدار میں آنے کا مقصد اپنے کاروبار کو بڑھانا ہے،خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں اصلاحات کے لئے حکومت بھی چھوڑنا پڑی تو پرواہ نہیں مگر اصلاحات ضرور لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گوجرانوالہ میں حامد ناصر چٹھہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم قائد اعظم کے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے مشن میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا اقتدار میں آنے کا مقصد صرف اور صرف اپنے بزنس کو فروغ دینا ہے،نوازشریف اقتدار میں اکر امیروں کو نوازتے ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف کے دورے حکومت میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوجاتا ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی ہوئی حکومت کو تیل کی قیمتوں میں 20روپے کم کرنی چاہئے تاکہ عوام کو فائدہ ملے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کسان کا برا حال ہوگیا ہے،کسان کی پیداواری قیمت اوپر اور آمدنی نیچے جارہی ہے،ڈیزل کی قیمت کم کی جائے تاکہ کسان کو برائے راست فائدہ ہو،میٹرو بنانے کی بجائے پٹرولیم کی قیمتیں کم کی جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بادشاہت میں پاکستان کی غربت میں اضافہ ہوا ہے۔مغرب کی جمہوریت میں غریبوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے اور بے روزگار افراد کو نوکری ملنے تک حکومت الاؤنس فراہم کرتی اور ان کے اخراجات برداشت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے اورنج ٹرین پر200ارب روپے خرچ کردئیے اور نندی پور منصوبے اربوں روپے کے اشتہار ٹی وی پر چلائے۔

عمران خان نے نوازشریف کو مشورہ دیا کہ اگر آپ نے اپنی صورت ٹی وی پر دکھانی ہے تو اپنی جیب سے خرچ کریں،عوام کے پیسوں پر نہیں۔نوازشریف عوام کے پیسوں سے اشتہاروں میں بجلی پیدا کرتے ہیں،عوام کا حق ہے کہ وہ نوازشریف سے پوچھے کہ اتنا پیسہ کہاں سے آیا اور آپ نے کتنا ٹیکس ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا بیٹا اتنا غریب ہے جو700 کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے،عوام پوچھتی ہے اتنا پیسہ کہاں سے آیا ہے۔

عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں اصلاحات لانے کیلئے ایک سال تک ڈاکٹروں سے مشاورت کی اور کے پی کے کے ہسپتالوں میں اصلاحات ہر حال میں لائیں گے،اس کیلئے ہمیں حکومت بھی چھوڑنی پڑے تو چھوڑ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 22فروری کو ہونے والے انتخابات دو نظریات کے درمیان ہوں گے۔ایک بادشاہت اور دوسری عدل وانصاف،ہم بادشاہت کے خلاف لڑیں گے اور عدل وانصاف کو کامیاب بنائیں گے