آزاد کشمیر، (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی کے جلسے پر دھاوا بول دیا ،2 افراد جاں بحق،درجنوں زخمی، نکیال سیکٹر پر کشیدہ صورتحال ، فوج طلب ، واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم،بلاول بھٹو زرداری کی شدید مذمت ،حکمران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں ،شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے، چیئرمین پی پی

اتوار 14 فروری 2016 10:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2016ء) آزاد کشمیر نکیال میں (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی کے جلسے پر دھاوا بول دیا ، دو افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی ہوگئے ۔ آئی جی آزاد کشمیر نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کردیا جبکہ آئی جی اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آزاد کشمیر نکیال میں پیپلز پارٹی کے جلسے میں شریک ہونے کیلئے ایک ریلی جب نکیال چوک سے گزر رہی تھی تو (ن) لیگ کے کارکنوں نے ریلی پتھروں کے ساتھ فائرنگ بھی شروع کردی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہلاک ہونے والے ایک شخص کا نام منشی خان ہے موقع پر موجود لوگوں نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ اس واقعہ میں نقصان کی ذمہ دار پولیس اور انتظامیہ ہے جنہوں نے امن وامان کو قائم کرنے کیلئے بہتر انتظامات نہیں کئے تھے اس حوالے سے جب آئی جی آزاد کشمیر خدا بخش کے ترجمان سے تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تو آئی جی آزاد کشمیر کے ترجمان سلطان اعوان کا کہنا تھا کہ مجھے اس واقعہ کا کوئی علم نہیں اور آئی جی آزاد کشمیر بھی اسلام آباد میں موجود ہیں ادھرچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے جلسے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کے وزراء کی آزاد کشمیر میں اشتعال انگیز تقریروں کا نتیجہ ہے ، نواز لیگ کے غنڈوں نے ہمارے کارکنوں پر حملہ کیا ،حکمران اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت کرسکیں ، شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے پرامن جلسے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پرامن جلسے پر نواز لیگ کے غنڈوں کا حملہ انتہائی شرمناک عمل ہے پرامن جلسے پر حملہ نواز لیگ کی آمرانہ سوچ کی ترجمانی کرتا ہے کوٹلی سانحہ نواز لیگ کے وزراء کی آزاد کشمیر میں جلسوں میں اشتعال انگیز تقرروں کا نتیجہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ نواز لیگ ہمارے کارکنوں پر اتنا ظلم کریں جتنا کل وہ برداشت کرسکیں ہمارے شہید کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،ادھرآزاد کشمیر کے علاقے نکیال سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کے بعد کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔

جبکہ میرپور میں پیپلزپارٹی کے کنونشن میں دو کارکنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کردیاگیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے پیپلزپارٹی کے جلسے کے دوران جاں بحق دو کارکنان کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا ہے اس کے علاوہ میرپور میں سرکاری اہم عمارتوں کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔