ڈاکٹر عافیہ رہائی کیس :درخواست جلد سماعت کیلئے منظور،اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ،داخلہ اور وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے جواب طلب کرلیا

بدھ 17 فروری 2016 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے متعلق مقدمہ کی جلد سماعت کیلئے دائر درخواست منظور کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ جبکہ عدالت نے وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ سے دوبارہ جواب بھی طلب کرلیا ہے ۔گزشتہ روز جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت ۔

درخواست گزار کے وکلاء ساجد قریشی اور بیرسٹر ذوالفقار علی عدالت میں پیش ہوئے ایڈووکیٹ ساجد قریشی نے موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم کے باوجود حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا نہ ہی ابھی تک کیس کی باقاعدہ سماعت ہوئی ہے انہوں نے عدالت میں جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست بھی جمع کروائی جسٹس نور الحق قریشی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حساس نوعیت کا کیس ہے اگلے ہفتے تک وکیل دلائل مکمل کرے بعد ازاں عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک مقرر کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکہ میں کیس ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ان کی بہن ڈاکٹر صوفیہ صدیقی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دو سال سے زائد ہوچکے ہیں ڈاکٹر عافیہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ان کی صحت سے متعلق ان کے اہلخانہ کو آگاہ کیاجائے وزیراعظم نواز شریف ڈاکٹر عافیہ کیس کا معاملہ امریکی صدر کے سامنے اٹھائیں اور ان کی رہائی کیلئے خصوصی بات چیت کریں