سند ھ حکومت نے ایف آئی اے کی کارروائیوں پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی وفاق کی پیش کش قبول کرلی،حکومت سندھ سمجھتی ہے صوبہ میں ایف آئی اے اور نیب کی کارروائی ان کی حدود اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے،بیان ، کمیشن کے قیام کیلئے درخواست کرنے کا فیصلہ

اتوار 21 فروری 2016 10:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2016ء)حکومت سندھ نے وفاقی حکومت سے یہ درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں ایف آئی اے کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر جوڈیشل کمیشن قائم کردیا جائے ، حکومت سندھ یہ سمجھتی ہے کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کی کارروائی ان کی حدود اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کو یہ پیشکش کی تھی کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کے چھاپوں اور ریکارڈز کی ضبطی پر اگر زرادری صاحب چاہیں تو وہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر تیار ہیں۔

حکومت سندھ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ "ہاں" صوبائی حکومت چوہدری نثار کی اس پیشکش کا خیرمقدم کرے گی اگر وہ سندھ میں ایف آئی اے کے چھاپوں اور اس کی جانب سے کے ایم سی کی15,000ہزار سے زائد فائلیں لیجانے کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام جیسا جرات مندانہ اقدام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ اس کی رائے کے مطابق ایف آئی اے اس بات کی نہ تو مجاز تھی اور نہ ہی یہ اس کا دائرہ اختیار میں تھا کہ وہ صوبائی حکومت کے دفاتر پر چھاپے مارے کیونکہ صوبائی حکومت کے پاس اپنے محکموں میں کرپشن کے خلاف کارروائی کے لئے اپنا ایک میکانزم موجود ہے لیکن ایف آئی اے نے اپنے طور پر خود اعلان کردہ اتھارٹی کے تحت صوبائی حکومت کی اتھارٹی میں مداخلت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کا کردار ادا کرنا شروع کردیا جو کہ غیر قانونی، غیر آئینی اور18ویں آئینی ترمیم کی روح کے منافی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں یہ پیشکش کرچکے ہیں کہ اگر آصف علی زرداری اور ان کی جماعت پیپلز پارٹی یہ محسوس کرتی ہے کہ سندھ میں ایف آئی اے نے اپنی حدود سے تجاوز کیا ہے تو وہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے تیار ہیں۔حکومت سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کی یہ پیشکش قبول کرتے ہوئے ان سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست کی ہے ۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کمیشن کے قیام سے ایف آئی اے اور نیب کے دائرہ اختیار اور اس کی کارروائیوں سے متعلق جو ابہام ہے وہ دور ہوجائے گا۔حکومت سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے کی جانے والی یہ پیشکش بہت اچھی، عملی اور جرات مندانہ ہے۔ حکومت سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا نیب کے حوالے سے بیان سندھ حکومت کے نیب سے متعلق موقف کی تائید ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان نے توقع ظاہر کی کہو وفاقی وزیر جلد ایک جوڈیشل کمیشن قائم کرادیں گے تاکہ ایف آئی اے کی حدود کے معاملے پر وفاقی اور صوبا ئی حکومت کے درمیان جو تنازعہ ہے وہ ختم ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :