کشمیر اٹوٹ انگ ہے پاکستان معاملات میں مداخلت سے باز رہے، بھارت، انگلی اٹھانے سے پہلے پاکستان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے،،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کی گیدڑ کی بھبھکیاں

پیر 22 فروری 2016 10:02

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2016ء) بھارت نے پاکستان کی جانب سے افضل گورو کے متعلق دیئے گئے بیان کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جب کہ پاکستان کو اپنی فکرکرنی چاہیئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہاکہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، ہمسایہ ملک ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریزکرے، پاکستان کوبھارت کیخلاف انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کشمیر بھارت کا تھا اور رہے گا، کسی کو بھی اس کی طرف آنکھ اٹھانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیرٹرانسپورٹ بھوپندر سنگھ نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی تنازع پاکستان اوراس کی خفیہ ایجنسی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی فوج کی مغربی کمان کے جنرل آفیسرکمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل کے جے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئربیس پردہشت گردحملے میں پاکستان کے لوگ ملوث تھے، حملے میں پاکستانی ریاستی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کواچھے اور برے دہشت گردوں کی درجہ بندی نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان سب کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کی جانی چاہیئے، پٹھان کوٹ حملے کے ثبوت فراہم کرنے کے بعد پاکستان کو اس پر کارروائی کرنی چاہیئے اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پائیں گے

متعلقہ عنوان :