شرمین عبید چنائے کے نام ایک اور آسکر ایوارڈ،شرمین عبید چنائے کو غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکیو مینٹری ’اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس‘ پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا،ہمیں دنیا کو یہ مضبوط پیغام دینا چاہیے کہ غیرت کے نام پر قتل کا بھیانک جرم ہماری ثقافت یا مذہب کا حصہ نہیں، شرمین عبید چنائے

منگل 1 مارچ 2016 02:42

لاس اینجلس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر اکیڈی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔88ویں آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی۔شرمین عبید چنائے کو ’بیسٹ شارٹ ڈاکیو مینٹری‘ کی کیٹیگری میں غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکیو مینٹری ’اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فورگیونس‘ پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

’اے گرل اِن دی ریور‘ شرمین عبید چنائے فلمز اور ہوم باکس آفس (ایچ بی او) کی مشترکہ پروڈکشن تھی جس میں ایک اٹھارہ سالہ لڑکی کی زندگی کا احوال بیان کیا گیا تھا جو غیرت کے نام پر قتل کی کوشش میں بچ جاتی ہے۔یاد رہے کہ شرمین عبید چنائے نے اس سے قبل 2012 میں بھی اپنی ڈاکیو مینٹری ’سیونگ فیس‘ پر پاکستان کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری بار آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی کو شرمین عبید چنائے نے پاکستان کے لیے ایک موقع قرار دیا ’تاکہ غیرت کے نام پر قتل کو ایک مسئلہ مان کر اس کی فوری روک تھام کی جاسکے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں خوش ہوں کہ میری ڈاکومینٹری کو آسکر ایوارڈ میں نامزدگی ملی، یہ فلم اور اس کا پیغام میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، یہ پاکستان کے ایک موقع ہے کہ وہ اس مسئلے کو تسلیم کرکے اس پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرے کیونکہ غیرت کے نام پر قتل کی کوئی عزت نہیں۔

‘انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ مضبوط پیغام دینا چاہیے کہ یہ بھیانک جرم ہماری ثقافت یا مذہب کا حصہ نہیں ہے۔سال 2015 کے لیے ’بہترین معاون اداکارہ‘ کا آسکر ایوارڈ فلم ’ڈینش گرل‘ کی ایلیسیا ویکانڈر نے حاصل کیا، جبکہ ’بہترین اسکرین پلے‘ کا ایوارڈ فلم ’بگ شارٹ‘ کو دیا گیا۔’بہترین اینیمیٹڈ شارٹ فلم‘ کا ایوارڈ ’بیئر اسٹوری‘ نے حاصل کیا جبکہ فلم ’انسائیڈ آوٴٹ‘ کو ’بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔’بہترین کاسٹیوم ڈیزائن‘ کے لیے فلم ’میڈ میکس فیوری روڈ‘ کو ایوارڈ دیا گیا، جبکہ ’بہترین سینماٹوگرافی‘ کا ایوارڈ فلم ’دی ریوینیٹ‘ کے حصے میں آیا۔

متعلقہ عنوان :