پیٹرولیم قیمتوں میں کمی، پنجاب ،کے پی کے اور سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی

بدھ 2 مارچ 2016 09:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2مارچ۔2016ء) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب کے پی کے اور سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کردی گئی عوامی حلقون نے کرایوں میں کمی کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 40 فیصد سے زیادہ کم ہوچکی ہے کرایوں میں صرف پندرہ فیصد کمی کی گئی کرائے بھی چالیس فیصد کم کیے جائیں۔ منگل کے روز پنجاب میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بسوں ار ویگنوں کیلئے نیا کرایہ نامہ جاری کردیا گیا ہے انٹر سٹی بسوں کا کم سے کم کرایہ نو روپے مقرر کیا گیا ہے۔

چار سے آٹھ کلومیٹر سفر کا کرایہ 14 روپے 30 کلومیٹر تک کرایہ 24 روپے اور اس سے زائد سفر کا کرایہ 28 روپے مقررکیا گیا ہے ادھر کے پی کے ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بین الاضلاع کرایوں میں کمی کے اعلان کے بعد نیا کرایہ نامہ جاری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پشاور سے کوہاٹ 69 ‘ بنوں 207 ‘ ڈیرہ اسماعیل خان 356 ‘ ہری پور 165 ‘ ایبٹ آباد 205 ‘ مانسہرہ 270 ‘ مردان 61 ‘ مالاکنڈ 125 ‘ تیمر گرہ 88 ‘ مینگورہ 182 ‘ دیر 265 اور چترال کا کرایہ 530 روپے مقرر کیا گیا ہے سندھ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی سے اسلام آباد کا کرایہ 200 روپے کمی کے بعد 1800 کوئٹہ کا کرایہ 1000 ‘ لاہور کا 1650 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ اندرون سندھ کرایوں میں 100 روپے کمی کی گئی ہے دوسری جانب عوامی حلقوں نے کرایوں میں کمی کو مذاق قرار دیا ہے عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کہتی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دس سال کی کم ترین سطح پر ہیں تو کرائے بھی دس سال پرانے واپس نافذ کیے جائیں عوام کا کہنا ہے کہ پیٹرول 109 روپے سے کم ہوکر 62 روپے تک آ پہنچا ہے ار یہ کمی چالیس فیصد سے زائد بنتی ہے لیکن پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے پہلے بھی آٹھ فیصد کم ہوئے اور اب بھی سات فیصد کم ہورہے ہیں جو کہ پندرہ فیصد کمی ہے حکومت کرایوں میں بھی چالیس فیصد کمی کا اعلان کرے۔

پیٹرول کی قیمت میں چالیس فیدص کمی کے بعد کرایوں میں پندرہ فیصد سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب میں ٹرانسپورٹروں نے 8سے 12فیصد تک کرایوں میں کمی کردی ہے۔ کرایوں میں کمی کا فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال یٰسین اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات میں کیاگیا جس کے مطابق ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں 8فیصد انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 12فیصد جبکہ پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 11.9فیصد کمی کی گئی ہے۔

نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور نافذ العمل ہوگا۔ادھرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک شوکت علی کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں 7فیصد کمی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ خبر رساں ادارے سے گفتگو میں ملک شوکت نے بتایا کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب سے ایک ملاقات کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ تمام ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 7فیصد کمی کا اعلان کیا ہے تاہم عوام کو سہولت میسر ہوسکے سیکرٹری پنجاب کے ساتھ میٹنگ میں سینئر نائب صدر علیم بٹ، جنرل سیکرٹری نبیل طارق محمود، نائب صدر شراف گل، حاجی اکرم وٹو اور سیکرٹری اطلاعات گڈز ٹرانسپورٹرز پاکستان مرزا ارشد بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :