بھارت میں دہشتگردی کاممکنہ خطرہ، پاکستان نے خفیہ اطلاع فراہم کردی ، جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ کا بھارتی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ،دس خودکش بمبارریاست گجرات میں داخل ہوچکے ہیں ، ریاست بھر میں ہائی الرٹ، پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ، اہم تنصیبات عوامی مقامات اور عبادت گاہوں پر سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی، بھارتی وزیر داخلہ نے بھارتی سیکورٹی نیشنل گارڈز کے دو اسکواڈ گجرات روانہ کر دیئے

پیر 7 مارچ 2016 09:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7مارچ۔2016ء)بھارت میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول کو دہشت گردوں سے متعلق خفیہ اطلاع فراہم کردی۔پاکستان کی طرف سے پہلی بار دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر بھارت کو خفیہ معلومات فراہم کی گئی۔پاکستان کے اعلیٰ حکام کی بھارتی ہم منصب سے اس سلسلے میں اہم بات چیت ہوئی کہ دس خودکش بمبارریاست گجرات میں داخل ہوئے،جس کے بعد گجرات کے تمام اضلاع میں ہائی الرٹ کردیا گیا اور اہم تنصیبات پر سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔

بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا ‘اور دیگر میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں اس وقت ہائی الرٹ جاری کیا گیا جب بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو اپنے پاکستانی ہم منصب ناصر خان جنجوعہ کی طرف سے ایک انٹیلی جنس اطلاعات فراہم کی گئی کہ 10 دہشت گرد گجرات میں داخل ہو چکے ہیں ،داخل ہو نے والے فدائین( خوکش بمبار) ہیں جن کا تعلق لشکر طیبہ اور جیش محمد سے بتایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے بعد سیکورٹی نیشنل گارڈز کے دو اسکواڈ گجرات کی طرف روانہ کیے گئے۔پاکستانی ہم منصب سے بات چیت کے بعد دوول نے گجرات میں اعلیٰ حکام سے بات کرکیحساس تنصیبات، عبادت گاہوں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی سخت کرادی۔اہم یادگاروں اور مذہبی مقامات جیسا کہ سومناتھ مندر، دوارکا مندر، آکاشردھم , پاور پلانٹس، دفاعی تنصیابات ، ڈیمز وغیرہ کے مراکز پر سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔

انٹیلی جنس اداروں کا خیال ہے اس دراندازی کا مقصد ہندووں کا سالانہ مذہبی تہوار’ مہا شیواراتری‘ پربدنظمی اور افرتفری کی صورت حال پیدا کرناہے۔ شیواراتری تہوار پیر کو ہے۔اخبار کے مطابق تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ پاکستان نے بھارت سے مخصوص انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا۔ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل پولیس پی سی ٹھاکر نیاس معاملے پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا اور تمام چھوٹے اور بڑے اضلاع الرٹ جاری کردیا۔

ڈی جی پی نے مزید ہدایات دیتے ہوئے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی آئندہ احکامات تک چھٹیاں منسوخ کردیں،جس کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری کیا گیا کہ رخصت پر پولیس افسران فوری طور پر ڈیوٹی دوبارہ شروع کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کو بڑی سنجیدگی سے لیا گیا کیوں کہ ریاست میں دہشت گردی کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوراًپولیس افسران اور حکام کا اعلیٰ سطحی اجلاس سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران کچھ کے علاقے سے پانچ لاوارث کشتیا ں ملی ہیں اور جمعہ کے روز بھی بی ایس ایف ٹیم کو کچھ کے علاقے کوٹیشوار کے ساحل پر ایک لاوارث کشتی ملی۔دریں اثنا، پٹھانکوٹ میں بھارت کے ویسٹرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کے جے سنگھ نے میڈیا کوبتایا تھا کہ انہیں آج سلامتی سے متعلق مسائل درپیش ہیں کیونکہ شیواراتری تہوار آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اطلاعات ہیں کہ گڑ بڑ ہونے والی ہے اس لئے اضافی اقدامات کیے ہیں، جب ان سے خفیہ اطلاعات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے انکار کر دیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات ذرائع ابلاغ میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، کیونکہ پارلیمنٹ کا سیشن بھی جاری ہے اور اہم تہوار بھی قریب ہے۔