رہائی پراللہ تعالیٰ کاشکر گزار ہوں ، خاندان کے ساتھ بھرپوراندازمیں لطف اندوزہو رہا ہوں،شہباز تاثیر ، جو کچھ بھی ہوا ا سے بھول نہیں پار ہا لیکن بھولناچا ہتا ہوں، خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو، وزیرِداخلہ کا شہباز تاثیر کی رہائی کے معاملہ پر غلط معلومات دینے کے واقعے کا نوٹس،تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ،شہباز تاثیر کی والدہ نے اپنے بیٹے کو پی پی رہنماؤں سے ملاقات کیلئے روک دیا

جمعرات 10 مارچ 2016 10:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء)سابق گورنرپنجاب کے سلمان تاثیرکے بیٹے شہبازتاثیرنے کہاہے کہ وہ اپنی رہائی پراللہ تعالیٰ کاشکراداکرتے ہیں،اپنے خاندان کے ساتھ مل کرانہیں بے حدخوشی ہے اوربھرپوراندازمیں لطف اندوزہورہے ہیں ۔بدھ کے روز خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے شہبازتاثیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سارادن اپنی فیملی کے ساتھ گزارا،ان کی رہائی پر پورا خاندان بے حد خوش ہے ،طویل عرصے بعد اپنے خاندان اور دوستوں سے مل کر بے حدخوشی ہے ،سب لطف اندوز ہورہے ہیں ، اس پروہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس وقت اپنے ساتھ پیش آنیوالی تمام ترصورتحال سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کے ساتھ جوکچھ بھی ہوا ا سے بھول نہیں پار ہا لیکن بھولناچا ہتا ہوں اور ہنسی خوشی زندگی گزارنا چاہتا ہوں ،اس موقع پر شہباز تاثیر نے ان کی رہائی پر مبارکباد کے پیغامات دینے والوں اور مشکل وقت میں ان کے خاندان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شہباز تاثیر چار سال سے زائد بعد منگل کے روز کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے بازیاب ہوئے تھے اور بدھ کے روز انکی اپنے گھر واپسی ہوئی اور اہلخانہ سے ملاقات ہوئی ہے۔ادھروفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے سابق گورنرسلیمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی رہائی کے معاملہ پر غلط معلومات دینے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہاہے کہ ہمیں قوم کے سامنے سچ بولنے کی عادت ڈالنی چاہیے اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ آئی جی پولیس بلوچستان نے وزیرِداخلہ کو یہ خبر کیوں دی کہ شہباز سلمان تاثیر ایک آپریشن کے ذریعے بازیاب ہوئے جبکہ اصل واقعات اس کے برعکس تھے۔ اس معاملے کی تحقیق کے لئے سپیشل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کو دو دن میں اپنی رپورٹ وزیرِداخلہ کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی این سی ایم سی شامل ہیں۔ادھرسابق گورنر پنجاب مقتول سلمان تاثیر کے بازیاب صاحبزادے شہباز تاثیر کی کیولری گراؤنڈ میں واقع اپنے گھر آمد کی اطلاع ملتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان سے ملاقات کے لیے کیولری گراؤنڈ پہنچ گئی لیکن مقتول گورنر کی بیوہ اور شہباز تاثیر کے والدہ نے کسی کو اپنے بیٹے سے ملنے کی اجازت نہ دی ان کا موقف تھا کہ شہباز تاثیر گھر پہنچنے کے بعد آرام کے لیے اپنے کمرے میں جاچکے ہیں اس سے قبل شہباز تاثیر نے گھر ہی سب سے پہلے اپنی ساڑھے چار سالہ بیٹی کو اپنی گود میں اٹھا کر اسے پیار کیا ۔

اس موقع پر شہباز تاثیر کی اہلیہ انتہائی خوش دکھائی دے رہی تھیں جنہوں نے اپنے شوہر سے ملنے کے لیے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔ شہباز تاثیر کے ذاتی دوستوں کی بڑی تعداد بھی وہاں پر موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :