آفریدی کو پیغام دیا تھا پاکستانی قوم جیتنے والوں کے ساتھ ہوتی ہے ہارنے والوں کے ساتھ نہیں، رحمان ملک، سیاسی جماعت بنانے کا حق ہر کسی کو ہے ، کوئی سیاسی جماعت جھنڈے کے بغیر نہیں چل سکتی، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 مارچ 2016 10:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت بنانے کا ہر کسی کو حق ہے‘ سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل نے میرے خط کا جواب نہ دیا تو پارلیمینٹرین کا وفد لے کر خود اقوام متحدہ جاؤں گا‘ شاہد آفریدی کو پیغام دیا تھا کہ پاکستانی قوم جیتنے والوں کے ساتھ ہوتی ہے ہارنے والوں کے ساتھ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال نے جو نئی سیاسی جماعت بنائی ہے یہ صحت مند سرگرمی ہے‘ سیاسی جماعت بنانے کا حق ہر کسی کو ہے تاہم کوئی سیاسی جماعت جھنڈے کے بغیر نہیں چل سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ داعش کے حوالے سے سلامتی کونسل کو 9 ستمبر کی طرح ایک اجلاس بلانا چاہئے اور اس کو اس طرح دیکھا جائے جس طرح 9 ستمبر کے واقعے کا جائسہ لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا صرف پاکستان اور افغانستان دہشت گردی سے متاثر ہو رہے تھے۔ اب پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک خط لکھا تھا سیکرٹری جنرل بان کی مون کو مگر اس کا جواب نہیں ایا اب دوسرا خط لکھا ہے اگر اس کا جواب بھی نہیں آیا تو ہو سکتا ہے کہ میں خود پارلیمینٹرین کا ایک وفد لے کر اقوام متحدہ میں جاؤں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ داعش اور دہشت گردی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا نہیں کر سکتی تو اس کا کیا فائدہ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو میں نے پیغام دیا تھا کہ پاکستانی قوم جیتنے والوں کے ساتھ ہوتی ہے ہارنے والوں کے ساتھ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم نے جو غلطیاں کی ہیں ان کو دور کرے اور آئندہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

متعلقہ عنوان :