عمران خان نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پیشکش کا خیر مقدم ،پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے شعیب سڈل کی سربراہی میں خود مختار کمیشن بنانے کا مطالبہ، شعیب سڈل وا ئیٹ کالر کرائم کی تحقیقات کے ماہر ہیں،انہیں مکمل اختیارات کے ساتھ تحقیقات کر نے دی جائیں ،چیئرمین پی ٹی آئی ،تحریک انصاف کا یوم تاسیس فاطمہ جناح پار ک ایف نائن میں ہی منایا جائے گا ،بیان ،وزارت داخلہ نے شعیب سڈل سے تحقیقات کا عمران خان کا مطالبہ مسترد کردیا،نجی ٹی وی

اتوار 10 اپریل 2016 10:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد و خود مختار کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ عمران خان نے یہ واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کا یوم تاسیس فاطمہ جناح پار ک ایف نائن میں ہی منایا جائے گا ۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں شعیب سڈل ملک کے وا ئیٹ کالر کرائم کی تحقیقات کر نے اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ماہر ہیں، شعیب سڈل کی سربراہی میں آزاد مکمل خود مختار کمیشن تشکیل دیا جائے جو مکمل اختیارات کے ساتھ پانامہ لیکس کی تحقیقات کرے، اس سلسلے میں عمران خان نے وفاقی وزیر ادخلہ چوہدری نثار علی خان کے اس بیان کی حمایت کی جس میں انہوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے آزاد کمیشن بنانے کی پیشکش کی تھی ، عمران خان نے چوہدری نثار کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے کمیشن کو خود مختار بناے اور مکمل تعاون پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے حوالے سے عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا بیسواں یوم تاسیس ایف نائن فاطمہ جناح پارک میں ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ کسی کو ایف نائن پار ک میں جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ادھروزارت داخلہ نے پانامہ لیکس کی شعیب سڈل سے تحقیقات کا عمران خان کا مطالبہ مسترد کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے کسی ریٹائرڈ سرکاری آفیسر سے نہیں ایف آئی اے اور حاضر سروس آفیسر سے تحقیقات کا کہا ہے ۔ شعیب سڈل ریٹائرڈ سرکاری آفیسر ہیں وہ حاضر سروس نہیں ہیں۔