نئی تجارتی پالیسی کے تحت امپورٹ پالیسی آرڈر جاری، بھارت سے1209 اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے138 اشیا کو درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی، بھارت سے زرعی مصنوعات، کیمیکلز، خام تیل، اسٹیل، ادویات، سرجیکل آلات، گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس درآمد نہیں کیے جا سکتے، وزارت تجارت

اتوار 24 اپریل 2016 10:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2016ء)وزارت تجارت نے نئی تجارتی پالیسی کے تحت امپورٹ پالیسی آرڈر جاری کردیا۔ بھارت سے بارہ سو نو اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایک سو اڑتیس اشیا کو درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔وزارت تجارت کی طرف سے جاری امپورٹ پالیسی آرڈر کے تحت بھارت سے زرعی مصنوعات، کیمیکلز، خام تیل، اسٹیل، ادویات، سرجیکل آلات، گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس درآمد نہیں کیے جا سکتے۔

ٹیکسٹائل مصنوعات، سرامکس، سونا اور چاندی کے زیورات کی درآمد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت نے بھارت سے واہگہ بارڈر کے ذریعے گائے، بھینس، بکریاں، بھیڑیں اور گوشت درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ مختلف سبزیاں اور پھلوں سمیت یارن کی درآمد بھی زمینی راستے سے کی جا سکے گی۔نئی درآمدی پالیسی کے تحت ڈیوٹی ڈرا بیک اسکیم کے تحت افغانستان کو سات اشیا برآمد کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

افغانستان کو سگریٹ، کیمیکلز، یارن، پی وی سی، بال بیئرنگ اور گھی کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز سے خوردنی تیل اور گھی افغانستان برآمد کیا جا سکے گا۔امپورٹ پالیسی کے تحت تیل و گیس، کان کنی اور تعمیراتی کمپنیاں استعمال شدہ مشینری درآمد کرسکیں گی۔

متعلقہ عنوان :