وزارت دفاع نے نئے آرمی چیف اورنئے جوائنٹ چیف آف سٹاف کی تقرری کیلئے سمری وزیراعظم کوارسال کردی

وزیراعظم نواز شریف آج آرمی چیف کو الوداعی عشائیہ دیں گے ون آن ون ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت بھی ہو گی

جمعرات 24 نومبر 2016 11:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2016ء)وزارت دفاع نے نئے آرمی چیف اورنئے جوائنٹ چیف آف سٹاف کی تقرری کیلئے 4سینئرترین افسران کے ناموں پرمشتمل سمری وزیراعظم کوارسال کردی ہے، میڈیارپورٹس کے مطابق سیکٹری دفاع کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل جاویداقبال رمدے ،لیفٹیننٹ جنرل قمرجاویدباجوہ ،لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم اورلیفٹیننٹ جنرل زبیرمحمودحیات کے نام شامل ہیں ،سمری میں نئے آرمی چیف اورنئے چیئرمین جوائنٹ چیفس کے تقررکی سفارش کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ آرمی چیف 29نومبرکومدت پوری ہونے کے بعدریٹائرہورہے ہیں۔ ادھروزیراعظم محمد نواز شریف آج(جمعرات کو) آرمی چیف کو الوداعی عشائیہ دیں گے،دونوں رہنماؤں کے مابین ون آن ون ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت بھی ہو گئی ۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں آج جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی عشائیہ دیا جائے گا جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین سیاسی راہنما اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور وزیراعظم نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے راحیل شریف سے مشاورت بھی کریں گے۔