سلامتی کونسل نے پاکستان پر پابندیوں کی قرار داد مسترد کر کے بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیئے،دفتر خارجہ

پاکستان بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے، اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اور دہشتگردی کے خلاف عالمی برادری کا ساتھ دیں گے،نفیس زکریا

پیر 2 جنوری 2017 11:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2017ء) پاکستان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل نے پاکستان پر پابندیوں کی قرار داد مسترد کر کے بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔ دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی ہے پاکستان بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہے اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اور دہشتگردی کے خلاف عالمی برادری کا ساتھ دیں گے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق بھارت نے ہر اہم فورم کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستان اپنے ملک میں مداخلت اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ثبوت اقوام متحدہ میں پیش کرتا رہے گا۔دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں پاکستان پر الزام لگایا گیا کہ اسلام آباد داعش اور القاعدہ جیسی شدت پسند کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے لیکن سلامتی کونسل نے پاکستان پر پابندیوں کی قرار داد مسترد کردی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنا سیاسی ایجنڈا پورا کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف قرارداد جمع کرائی اور اس سے قبل بھی بھارت نے ہر اہم فورم کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے، بھارت دہشت گردی کی معاونت اور دہشت گردوں کو وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے اور پاکستان بھارتی حکومت کی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے جس کا واضح ثبوت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کا اعترافی بیان ہے۔

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور خطے میں امن کے قیام کا خواہاں ہے لیکن بھارت خطے میں دہشگردی پھیلانے کے درپے ہے اور اسے تقویت دینے میں مصروف ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے بھارت دہشت گردوں کے معاون اور وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انسداد دہشتگردی سے متعلق بھارت کا کردار مشکوک ہے ۔

پاکستان بھارت کی ریاستی معاونت کی دہشت گردی کا شکار ہے اور بھارت کے خفیہ ادارے کلبھوشن کے حاضر سروس ایجنٹ کا اعترافی بیان پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے اور پاکستان میں بھارتی دہشتگردی سے متعلق بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں دیں گے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کریں گے کہ بھارت انسداد دہشتگردی کی بجائے خطے اور بالخصوص پاکستان میں دہشتگردی کی واردات میں ملوث ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے باعث ایک طرف پاکستان میں دہشتگردی پھیلانا چاہتا ہے تو دوسری طرف عالمی دنیا میں پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگا کر دہشتگرد ملک بھی باور کرانا چاہتا ہے لیکن حقائق اس کے برعکس ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی میں قرار داد نمبر 1267 جمع کرا کر پاکستان پر دہشتگردی کی بنیاد پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی لیکن سلامتی کونسل نے بھارتی قررا داد مسترد کر کے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے پاکستان پر داعش اور القاعدہ کی مدد کا الزام لگایا لیکن دنیا جانتی ہے کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا کہ اس نے عالمی سطح کی اہم فورم کو سیاسی مقاصد اور ذاتی مفادات کے حصول کے لئے استعمال کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔