پانامہ لیکس نے ملک کی تاریخ کا فیصلہ کرنا ہے، سپریم کورٹ کے5 رکنی بینچ پر اعتماد ہے، شیخ رشید

سپریم کورٹ میں میرا کیس سمارٹ، سویٹ اور سمال ہے، پریس کانفرنس

منگل 3 جنوری 2017 10:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے ملک کی تاریخ کا فیصلہ کرنا ہے، سپریم کورٹ کے5 رکنی بینچ پر اعتماد ہے، سپریم کورٹ میں میرا کیس سمارٹ، سویٹ اور سمال ہے، پیر کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ انصاف کا بہت بڑا کیس عدالت میں چل رہا ہے، پانامہ کیس نے ملک کی تاریخ کا فیصلہ کرنا ہے، اس کیس کا فیصلہ آگیا تو آئندہ عوام صرف عدالتوں کی طرف دیکھیں گے، انہوں نے کہا کہ امید ہے کیس کا فیصلہ جنوری میں ہو جائے گا، سپریم کورٹ میں میرا کیس سمارٹ، سویٹ اور سمال ہے، شیخ رشید نے کہا ہے کہ جب تک بڑے آدمی کو نہیں پکڑا جائے گا ہنگامے ہوتے رہیں گے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ بے نظیر ہسپتال میں ایک بیڈ پر3مریض ہوتے ہیں اور ڈرپس درخت کے ساتھ لٹکا کر مریضوں کو لگائی جاتی ہے، پنجاب میں ہسپتالوں کا نظام بہت خراب ہے، اورنج لائن اور میٹرو بسوں کی بجائے ہسپتالوں کے نظام کو درست کیا جائے، آج لوگوں کو علاج کی سہولیات میسر نہیں ہے اور حکمران خواب غفلت میں ڈوبے ہوئے ہیں۔