ن لیگ کا موٹو گینگ کہتا ہے پی ٹی آئی نے ثبوت پیش نہیں کئے، ثبوت پیش کرنا ہمارا نہیں حکومتی تحقیقاتی اداروں کا کام ہے،عمران خان

ٹرمپ کے فون اور وکیل بدلنے سے کچھ نہیں ہوتا، امید ہے ثبوتوں کی بنا پر سپریم کورٹ کا بنچ جلد فیصلہ سنا دے گا اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 4 جنوری 2017 10:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کا موٹو گینگ کہتا ہے کہ پی ٹی آئی نے ثبوت پیش نہیں کئے ثبوت پیش کرنا ہمارا نہیں حکومتی تحقیقاتی اداروں کا کام ہے۔ ٹرمپ کے فون اور وکیل بدلنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ امید ہے ثبوتوں کی بنا پر سپریم کورٹ کا بنچ جلد فیصلہ سنا دے گا اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے منگل کے روز اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب چاہے ٹرمپ کے فون آئیں یا وکیل بدلیں نواز شریف کو کوئی نہیں بچا سکتا۔ ن لیگ کا موٹو گینگ بار بار کہتا تھا کہ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں ثبوت فراہم نہیں کئے۔ ثبوت فراہم کرنا سیاسی جماعت کا کام نہیں بلکہ ثبوت فراہم کرنا حکومتی ادارے ایف آئی اے اور دیگر اداروں کا کام ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے سپریم کورٹ کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے پہلے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران جھوٹ بولا پھر سپریم کورٹ میں آمر جمہوری اور جمہوری آمر بننا چاہتا ہے۔ مریم نواز کے پاس کہاں سے پیسہ آیا ۔ مریم نواز ٹرسٹی نہ ہی بینیفشری، اور نہ ہی مریم نواز مے فیئر فلیٹس کی اصل مالکہ تھی۔ جس کی قیمت2006ء میں چار ارب روپے تھی۔ ہم ثابت کریں گے کہ کوئی ٹرسٹ نہیں تھا۔

جیسے ٹرسٹ ڈیڈ جھوٹی تھی ویسے ہی ملک کے چھابڑی والے کو بھی پتہ ہے کہ قطری خط فراڈ تھا۔ سپریم کورٹ میں سنا تھا کہ مریم نواز کو 2کروڑ روپے کی گاڑی کا تحفہ مل گیا ۔ مریم نواز ہر جگہ کہتی تھیں کہ وہ اپنے والد کے ساتھ رہتی ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ مریم نواز کے پاس پیسا نواز شریف کا ہے۔ نواز شریف کا سارا پیسا اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجا ۔

جو چیز فراڈ نہیں وہ اسحاق ڈار کا حلف نامہ ہے۔ شواہد کے مطابق نیلسن اور ٹیسکول مریم نواز کی ہی کمپنیاں ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست تحائف پر چلتی ہے لیکن ہم تحائف کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ بیرون ممالک میں رکھنے والے پاکستانیوں ہمیں نواز شریف کے خلاف دستاویزات فراہم کی۔ ہم نے تمام دستاویزات آئی سی آئی جے سے حاصل کی اور ای میلز بھی دیکھ کر ساتھ ساتھ فراہم کی ہیں۔

نواز شریف آئی سی ائی جے پر کیس کر لیں ہم نے تمام شواہد سپریم کورٹ کو فراہم کر دیئے ہیں۔ امید ہے کہ سپریم کورٹ کا بنچ ائندہ دو ہفتوں میں فیصلہ سنا دے گا۔ اس موقع پر صحافی نے عمران خان سے جاوید ہاشمی سے متعلق سوال کیا تو عمران خان نے کہا کہ کوئی سنجیدہ سوال کریں پہلی دفعہ سن رے ہیں کہ جوڈیشل مارشل لاء بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے پانامہ کیس سے متعلق نئے شواہد پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موزیک فونیسکا نے جو خط لکھا اسکے مطابق مریم نواز نیسکول اور نیلسن کی مالکہ ہیں ۔

متروا اور موزیک فونیسکا میں 12جون سے22جون کے درمیان ای میل کے تبادلوں کی تفصیل کا خط کیسے بنا اسکی مکمل تفصیل ہمارے پاس ہے اور اس خط کو ن لیگ کے وکیل سلمان بٹ نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تمام دستاویزات میں مریم نواز کے دستخط اور ماڈل ٹاؤن کا ایڈریس بھی موجود ہے۔