سینیٹ سب کمیٹی نے اسرائیلی فلم کیلئے پی آئی اے کے طیارے کی فراہمی پر وضاحت طلب کرلی

جمعہ 6 جنوری 2017 10:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6جنوری۔2017ء)سینیٹ کی سب کمیٹی نے اسرائیلی فلم کیلئے پی آئی اے کے طیارے کی فراہمی پر وضاحت طلب کر لی ہے۔سینیٹ کی سب کمیٹی برائے پی آئی اے کا اجلاس پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں منعقدہوا، اجلاس میں پی آئی اے کے ڈائریکٹرز اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مظفر شاہ نے اسرائیلی فلم کے لئے ائیر بس طیارے کی فروخت کے معاملے پر سی ای او ہلڈن برنڈ سے وضاحت طلب کی اور اس حوالے سے گزشتہ اجلاس میں دی گئی مدت کے دوران خصوصی رپورٹ پیش نہ کئے جانے پر بھی برہمی کا اظہاکیا۔

اجلاس میں لندن کی پروازوں پر گندگی کے علاوہ کراچی سے براہ راست پرواز آپریٹ نہ کئے جانے پر بھی وضاحت طلب کی گئی اور اسلام آباد اور لاہور کے راستے کراچی کے مسافروں کی روانگی کے ضمن میں درپیش مشکلات کے خاتمے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو پی آئی اے انتظامیہ نے بتایا کہ 300بلین سے زائد قرضوں سے چھٹکارے کے بغیر ایئرلائن کی بہتری ممکن نہیں جبکہ اخراجات کے مقابلے میں ماہانہ پانچ بلین سے زائد کیش فلو کی کمی بھی دشواریوں کا سبب ہے۔

ا س موقع پرسینیٹر جنرل(ر)عبدالقیوم نے کہا کہ خسارے کی رقم اگر حکومت ادا بھی کر دے تو کیا گارنٹی ہے کہ لوگ دوبارہ لوٹنا شروع نہیں کر دیں گے۔ ایئرلائن کی ری اسٹرکچرنگ اور بزنس پلان کے علاوہ بہتر فیصلوں سے بہتری لائی جا سکتی ہے۔ سینٹرمظفر حسین شاہ کہا کہ انتظامیہ ائر لائن کی بہتری کے لئے ایک ہفتے کے اندر خصوصا کیش فلو اور بزنس پلان کے حوالے سے ٹھوس تجاویز ہمیں فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :