دانیال عزیز نے گن کلب کے منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس کو چارج نہ چھوڑنے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

یاسر جاوید نے تھانہ آبپارہ میں تشدد کے خلاف درخواست دیدی،،آبپارہ پولیس سیاسی دباؤ کے باعث تاحال ایف آئی آر درج نہ کرسکی

منگل 10 جنوری 2017 11:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2017ء)گن کلب کے منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس کو عہدے کا چارج نہ چھوڑنے پر لیگی رہنما دانیال عزیز نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس یاسر جاوید نے تھانہ آبپارہ میں تشدد کے خلاف درخواست دیدی،آبپارہ پولیس سیاسی دباؤ کے باعث تاحال ایف آئی آر درج نہ کرسکی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں واقع گن کلب کے منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس یاسر جاوید کو عہدے کا چارج نہ چھوڑنے پر لیگی رہنما دانیال عزیز نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

جس کے باعث یاسر جاوید شدیدزخمی ہوگیا،یاسر جاوید نے دانیال عزیز کی جانب سے تشدد کرنے کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دائر کی تاہم وہاں شنوائی نہ ہوئی اور نہ ہی تاحال ایف آئی آر درج کی جاسکی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دانیال عزیز گن کلب کے ایڈمنسٹریٹر ہیں جبکہ یاسر جاوید گن کلب میں منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس ہیں،اس حوالے سے یاسر جاوید کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز نے کچھ عرصہ قبل اپنے سیاسی اثر ورسوخ کی بنا پر بھرتی کئے جانے والے نوجوان نعمان افضال کو اس عہدے کا چارج دینے کیلئے دباؤ ڈالا،نعمان افضال اس وقت اسسٹنٹ منیجر اینڈ منسٹریشن ہے،یاسر جاوید کا کہنا ہے کہ میں بلاوجہ اپنے عہدے کا چارج نہیں چھوڑ سکتا۔

دانیال عزیز گن کلب میں سیاسی مداخلت کر رہے ہیں،نعمان افضال کو بغیر کسی بھرتی کے اشتہار کے نوکری دی گئی۔غیرقانونی طور پر بھرتی ہونے والے شخص کو میں چارج نہیں دے سکتا۔عہدہ نہ چھوڑنے پر دانیال عزیز نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔تھانہ آبپارہ پولیس اس حوالے سے تعاون نہیں کر رہی،سیاسی دباؤ کے باعث وہ ایف آئی آر درج نہیں کررہے جبکہ اس حوالے سے تھانہ آبپارہ کے تفتیشی افسر ظہور احمد اے ایس آئی کا کہنا تھا کہ یاسر جاوید کا تاحال میڈیکل نہیں کرایا گیا اس لئے ایف آئی آر درج نہیں کی گئی

متعلقہ عنوان :