ہندوستانیوں نے ٹوائلٹ کا نیا استعمال ڈھونڈ لیا

جمعہ 13 جنوری 2017 13:47

پونے( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء) ہندوستان میں گاوٴں دیہاتوں کے رہائشیوں نے حکومت کی جانب سے بنوائے گئے ٹوائلٹس کا ایک اور استعمال ڈھونڈ لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستانی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناشک کے ایک گاوٴں گرمل کے باسیوں نے ٹوائلٹس کا ایک 'عظیم' استعمال سوچا اور اسے اسٹور روم (سامان رکھنے کی جگہ) کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا۔

گاوٴں کی ایک رہائشی گودوبائی پالوے کا کہنا تھا کہ ان ٹوائلٹس کے مقابلے میں گھروں پر کنکریٹ کی چھت ان کے لیے زیادہ ضروری ہے، ساتھ ہی انھوں نے کہا 'چلو کم از کم یہ ٹوائلٹ مون سون کے دوران تو انھیں محفوظ رکھیں گے'،پالوے اور گاوٴں کے دیگر رہائشی حکومت کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر ٹوائلٹس بنوانے کے اقدام پر کچھ شش و پنج کا شکار ہیں، تاہم انھوں نے اس فیصلے کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ پھر انھوں نے سوچا کہ یہ ٹوائلٹس سامان وغیرہ رکھنے کے لیے اسٹور روم کے طور پر بہتر طریقے سے استعمال ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پالوے کا کہنا تھا، 'ہم مٹی گارے سے بنے ہوئے گھروں میں رہتے ہیں جو مون سون کے دوران خراب ہوجاتے ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ حکومت کی کوئی ایسی اسکیم بھی ہے جو ہمیں گھروں کی تعمیر میں مدد دے لیکن کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ لوگ گاوٴں میں ٹوائلٹس تعمیر کریں گے تو انھیں پیسے ملیں گے، جو بھی ہو اگر ہمیں سیمنٹ سے بنا ہوا کوئی کمرہ مل جاتا ہے تو اسے بہت سے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے'۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گاوٴں کی خواتین کا خیال ہے کہ ٹوائلٹ جتنا بڑا ہوگا، اتنا ہی وہ مون سون کے دوران شدید بارشوں سے بچنے میں ہمارے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :