سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت پرفیصلہ محفوظ کرلیا

بدھ 18 جنوری 2017 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2017ء)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 462 ارب اور جے جے وی ایل کرپشن کیس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت پرفیصلہ محفوظ کرلیاہے ۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے وکیل انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم دل کے عارضے میں مبتلا ہیں جبکہ ڈاکٹرز نے انہیںکمر کے درد کے علاج کے لئے سرجری کا مشورہ بھی دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم کی اس سے قبل انسدادہشتگردی کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہو چکی ہے عدالت سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی اس کیس مین بھی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے میڈیکل بورڈ نے کہاہے کہ اس طرح قید میں رہنے سے ڈاکٹر عاصم کا علاج ممکن نہیں سرجری نہ ہونے کی صورت میں مریض خدا نخواستہ معزور بھی ہو سکتا ہے۔

عدالت میں نیب کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہاکہ ڈاکٹر عاصم کو بہترین علاج کی سہولیات دی جارہی ہیں ڈاکٹر عاصم کے خلاف دو ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر عاصم کی ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا.