اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت تمام سیاستدانوں کے نام پر مبینہ ٹی ڈی آرز جعلی ہیں،سٹیٹ بینک

جمعہ 20 جنوری 2017 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2017ء )بینک دولت پاکستان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے نام پر مبینہ ٹی ڈی آرز جعلی ہیں۔ بینک دولت پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے سیکریٹری سے موصول ہونیوالی شکایت اور بعض پارلیمنٹیرینز (چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن سید خورشید احمد شاہ، سینیٹ میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری اعتزاز احسن اور رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن)کے نام پر ایس ایم ای بینک کی بھاری رقوم کی ٹرم ڈپازٹ رسیدوں (ٹی ڈی آرز) کے اجرا اور ان کے کھاتوں میں ٹرانزیکشنز سے متعلق میڈیا کی خبر کے بارے میں تحقیقات کیں۔

ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایس ایم ای بینک نے ایسی کوئی ٹی ڈی آرز جاری نہیں کیں اور نہ ہی ان پارلیمنٹیرینز میں سے کسی کا مذکورہ بینک میں اکاؤنٹ ہے۔

(جاری ہے)

بینک دولت پاکستان نے واضح کیا کہ بینک صرف ان صارفین کو ٹی ڈی آرز جاری کرتا ہے جن کا اس بینک میں پہلے ہی ڈپازٹ اکاؤنٹ موجود ہو۔ بینک دولت پاکستان کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بددیانت عناصر نے پارلیمنٹیرینز کو بدنام کرنے کے لیے جعلی یا بینک سے چوری کیے ہوئے ٹی ڈی آر فارمز استعمال کرکے ٹی ڈی آر جاری کی ہیں۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور مناسب وقت پر ان کے نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔ ایس ایم ای بینک بھی اس معاملے پر مزید تحقیقات کے لیے قانون نافذکرنے والے متعلقہ ادارے سے رجوع کررہا ہے۔