امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا ئیں،اسحاق ڈار

حکومت امریکہ کی نئی انتظامیہ سے معاشی سٹریٹیجک شعبہ میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیگی،امریکی سفیر سے ملاقات

اتوار 22 جنوری 2017 12:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان کی حکومت امریکہ کی نئی انتظامیہ سے معاشی سٹریٹیجک شعبہ میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ نے امریکہ کے پاکستان میں تعینات سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔

دونوں حکام کے مابین اس موقع پر تجارت اور معیشت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے امریکہ کے نئے صدر کو عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور امید کا اظہار کیا کہ نئی انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کو اہم پارٹنر تصور کرتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کوبڑھانے کے بے شمار مواقع ہیں پاکستان نے مائیکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے حکومت اب معاشی ترقی اور گروتھ کو بڑھنے پر توجہ دیئے ہوئے ہے۔ اجلاس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔