سی سی پی نے ڈیری کمپنیوں پرجرمانہ عائد کر دیا

منگل 24 جنوری 2017 11:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2017ء) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر اینگرو فوڈز لمیٹڈپر 6کروڑ22 لاکھ90 ہزار روپے، نون پاکستان لمیٹڈ پر 20لاکھ روپے اور شکرگنج فوڈزپراڈکٹ لمیٹڈ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔یہ آرڈر چےئر پرسن سی سی پی ودیعہ خلیل اور ممبران ڈاکٹر شہزاد انصر ،اکرام الحق قریشی پر مشتمل بنچ نے جاری کیا۔

یہ آرڈر سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر کی گئی انکوائری کے بعد جاری ہوا ۔ انکوائری سے ثابت ہوا کہ اینگرو فوڈز لمیٹڈ، نون پاکستان لمیٹڈ اور شکرگنج فوڈزپراڈکٹ لمیٹڈکپیٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی اور ٹی وائیٹنرکی بطور دودھ تشہیر میں ملوث تھیں۔ٓآرڈر کے مطابق اینگرو فوڈز لمیٹڈ اپنی پراڈکٹ "ڈیری امنگ-ڈیری ڈرنک" کی بطور دودھ کے جھوٹی اور گمراہ کن تشہیر میں ملوث تھی۔

(جاری ہے)

نون پاکستان لمیٹڈ اپنی پراڈکٹ " ڈیری روزانہ-ڈیری ڈرنک " کی پیکجنگ لیبلنگ میں یہ تا ثر دیتی تھی کہ اس کی پراڈکٹ ڈیری ڈرنک کے بجائے دودھ ہے۔اسی طرح شکر گنج فوڈز اپنی پراڈکٹ " قدرت" کی لیبلنگ میں اس بات کا اظہارکرنے میں ناکام رہی تھی کہ اس کی پراڈکٹ دودھ کا متبادل نہیں ہے اور اس طرح صارفین سے دھوکہ دھی کی مرتکب ہوئی تھی۔ سی سی پی کے آرڈر کے مطابق کمپنیز کی جانب سے اپنی پراڈکٹ کے مواد کے متعلق معلومات کو صارفین سے چھپانا یا اپنی پراڈکٹ کے مواد کے متعلق غلط معلومات دینا صارفین کے ساتھ دھوکہ دھی کے مترادف ہے اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہے۔

سی سی پی کو ان کمپنیوں کو مستقبل میں کمپیٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت ردعمل کے متعلق انتباہ بھی کیا گیا ہے کیونکہ جھوٹی اور گمراہ کن تشہیر صارف کو ان کی مصنوعات کی طرف راغب کر کے دوسرے کاروباری اداروں کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :