کامونکے،کونسلر نے پہلی بیوی کو گھر سے نکال کر دوسری شادی رچالی

پہلی بیوی نے گھر کے باہر شور مچادیا ،کونسلر اور اُسکے والدین بہو کے خوف سے کئی گھنٹے تک بارات کو سڑکوں پر گھماتے رہے

منگل 24 جنوری 2017 11:30

کامونکے (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2017ء)کونسلر نے پہلی بیوی کو گھر سے نکال کر دوسری شادی رچالی۔پہلی بیوی نے کونسلر کے گھر کے باہر شور مچادیا۔کونسلر اور اُسکے والدین بہو کے خوف سے کئی گھنٹے تک بارات کو سڑکوں پر گھماتے رہے۔اور نئی نویلی دُلہن کو صبح چار بجے لیکر گھر پہنچے ۔بتایا گیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے کونسلر محمدآصف باجوہ جو ایک نجی سکول کا پرنسپل بھی ہے کی اپنی بیوی چھ سات ماہ قبل لڑائی ہوگئی جس پر اُس نے اپنی بیوی مہناز کو گھر سے نکال دیا اور وہ لاہور میں اپنے میکے چلی گئی۔

گذشتہ روز اُس نے اپنی بیوی کو فون کیا کہ وہ اپنے رویے پر معذرت خواہ ہے ۔اور اُسے لینے کیلئے آنا چاہتا ہے۔مہناز بی بی کو فون میں بینڈ باجے کی آوازیں آنے پر اپنے خاوند سے پوچھا اُس نے بتایا کہ وہ ایک شادی کی تقریب میں ہے۔

(جاری ہے)

مہناز بی بی کو شک پڑ گیا ۔اس دوران اُسے اُس کے سُسرالی عزیز نے شادی بارے اطلاع کردی جس پر مہناز بی بی اپنی وکیل کے ہمراہ کامونکے پہنچی تو سُسرال کے گھر میں آرائشی لائٹیں لگی ہوئی تھیں ۔ہمسایوں سے پتہ چلا کہ اُسکا خاوند دوسری شادی کرنے کیلئے بارات لیکر گیا ہوا ہے۔جس پر مہناز بی بی نے شور شرابا شروع کردیا۔اس دوران پولیس بھی پہنچ گئی ۔مہناز بی بی نے میڈیا کو بتایاکہ وہ اپنے حقوق کی خاطر عدالت میں جائیگی ۔اور چُپ نہیں رہے گی

متعلقہ عنوان :