عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قائدین کا اہم ترین اجلاس ، پانامہ کیس کی سماعت کے مختلف پہلووٴں پر تبادلہ خیال

عالمی ادارے روزانہ کی بنیاد پر نواز شریف کو شرمندہ کررہے ہیں قومی وسائل پر ڈیوس جاکر ڈیرہ ڈالنے والے نواز شریف کو ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب تک نہیں کرنے دیا گیا نواز شریف نے نیک نامی کی بجائے پوری قوم کے چہرے پر شرمندگی کا داغ لگایا ،تحریک انصاف

جمعرات 26 جنوری 2017 11:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت منگل کو بنی گالہ میں قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پانامہ کیس کی سماعت کے مختلف پہلووٴں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاناما کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ان امور پر اتفاق کیا گیا کہ شریف خاندان اپنے جھوٹوں کے گرداب میں پھنس چکا ہے۔ہر روز موٴقف میں بدلاوٴ آرہے ہیں اور نت نئے جھوٹ تراشے جارہے ہیں۔ عالمی ادارے روزانہ کی بنیاد پر نواز شریف کو شرمندہ کررہے ہیں۔جاری کی جانے والی خبر کے مطابق جب جھوٹ سر سے پاوٴں تک بے نقاب ہوا تو عدالت پر حملے کی ترکیبیں سوچی جانے لگیں اور وزیر ریلوے نواز شریف کی ایماء پر ججز کی تضحیک کا باضابطہ آغاز کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ وکیل عدالت میں ایک دوسرے پر معاملہ ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ پانامہ نے ڈیوس میں بھی نواز شریف کا تعاقب کیا۔اور قومی وسائل پر ڈیوس جاکر ڈیرہ ڈالنے والے نواز شریف کو ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب تک نہیں کرنے دیا گیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فورم کے منتظمیں نواز شریف کی کرپشن اور پانامہ کی کہانی سے واقف تھے۔نواز شریف نے نیک نامی کی بجائے پوری قوم کے چہرے پر شرمندگی کا داغ لگایاہے۔ خبر کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پانامہ اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اور شریف خاندان کو قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لئے بغیر نہیں جانے دیا جائے گا۔