امریکہ، صدربننے کے بعد ٹرمپ نے چھ کمپنیوں کی سربراہی چھوڑ دی

ڈونلڈ ٹرمپ کی 25 ممالک میں 144 کمپنیاں کام کررہی ہیں، ان کمپنیوں کی باگ ڈور اب ان کے بیٹے سنبھالیں گے، ترجمان وائٹ ہاؤس

جمعہ 27 جنوری 2017 11:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2017ء)امریکہ کے صدر منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرمپ آرگنائزیشن‘ کے زیر انتظام چھ کمپنیوں اور اداروں کے انتظامی عہدوں سے استعفے پر دستخط کرد یئے ہیں،چھ کمپنیوں کی سربراہی سے استعفیٰ دے کر امریکیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاوٴس کے ترجمان شون سپائسر کا کہنا ہے کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹرمپ آرگنائزیشن‘ کی انتظامی سربراہی سے گذشتہ ہفتے استعفیٰ دے دیا تھا۔

(جاری ہے)

آئندہ اس ادارے کی ذمہ داریاں ان کے دو بیٹے ڈونلڈ جونیر اور ایریک سیٹولین سنبھالیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنے حامیوں سے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر منتخب ہو کر اپنے تمام کاروباری اور غیر کاروباری اداروں کے عہدے چھوڑ دیں گے اور صرف ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے اپنی چھ کمپنیوں کی سربراہی سے استعفیٰ دے کر امریکیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے واضح رہے کہ مریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بنیادی طور پر ایک کاروباری شخصیت ہیں اور کینیڈا، جنوبی امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا سمیت دنیا کے 25 ممالک میں 144 کمپنیاں کام کررہی ہیں۔