بیجنگ میں سموگ کا خطرہ، نئے سال کی تقریبات میں آتش بازی سے گریز کی اپیل

ہفتہ 28 جنوری 2017 11:47

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری2017ء)چینی دارالحکومت بیجنگ میں حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ سموگ کے خدشات کی وجہ سے وہ نئے قمری سال کے موقع پر آتش بازی سے گریز کریں۔حکام کی جانب سے یہ اپیل ایسے وقت کی گئی ہے جب صوبہ ہینان میں آتش بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بیجنگ کی مقامی حکومت نے سماجی رابطوں کی مقامی ویب سائٹ ویبو پر ہدایات جاری کی ہیں جس میں رہائشیوں، شہری حکام، کمپنیوں، سکولوں سے کہا ہے کہ وہ نئے سال کی تقریبات کو ماحول دوست کے طور پر منائیں۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آتش بازی اور کریکرز سے نہ صرف آلودگی پھیلتی ہے بلکہ اس سے حادثات اور آگ لگنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔حکام نے شہر میں صرف رواں برس آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے 511 سٹالز کی اجازت دی ہے جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 719 تھی۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس بار آتش بازی کی خریداری کم رہی ہے۔ ایک ہفتہ قبل مقامی اخبار وانبئو کی ایک رپورٹ کے مطابق میونسپل حکومت نے بیجنگ کے ایک ہزار رہائشیوں سے سروے کیا تو اس میں 80 فیصد نے کہا ہے کہ وہ آتش بازی نہیں کریں گے جکہ متعدد کا کہنا تھا کہ وہ ماحول کو آلودہ نہیں کرنا چاہتے۔

چین میں سموگ کا ایک بڑا سبب کوئلے سے بجلی پیدا کرنا ہے اور سردیوں میں مکانات کو گرم رکھنے کے لیے اضافی کوئلہ استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے آلودگی کا مسئلہ زیادہ شدت اختیار کر جاتا ہے۔حکومت نے فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو بند کرنا شروع کیا ہے اور قدرتی گیس کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی جانب جا رہی ہے