گم شدہ بلا گرز کیس میں اہم پیش رفت ‘ 5 میں سے 3 نے اپنے خاندان سے رابطہ کرلیا

رابطہ کرنیوالوں میں سلمان حیدر‘ عاصم سعید اور وقاص گورائیہ شامل احمد رضا اور ثمر عباس کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا‘ اہلخانہ کی وزارت داخلہ سے سراغ لگا کر رابطہ کرانے کی اپیل

ہفتہ 28 جنوری 2017 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری2017ء)گم شدہ بلا گرز کے معاملے میں اہم پیش رفت ‘ 5 میں سے 3 بلاگرز نے اپنے خاندان سے رابطہ کرلیا‘ رابطہ کرنے والوں میں سلمان حیدر‘ عاصم سعید اور وقاص گورائیہ شامل ہیں ‘ احمد رضا اور ثمر عباس کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا‘ اہل خانہ نے وزارت داخلہ سے مغویوں کا سراغ لگا کر رابطہ کرانے کی اپیل کردی۔

وفاقی دارالحکومت سے اغواء ہونے والے فاطمہ یونیورسٹی کے پروفیسر و سماجی رکن سلمان حیدر کا اپنے بھائی کو ٹیلی فون‘ جلد گھر پہنچنے کی تسلی کرا دی۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ ‘ قومی اسمبلی ‘ سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا پر عوامی دبائو کے باعث وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اقدامات کرتے ہوئے گم شدہ 5 بلاگرز میں سے 3 کا سراغ لگالیا۔

(جاری ہے)

پراسرار طور پر اغواء ہونے والے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر نے اپنے بھائی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے اپنی خیریت سے آگاہ کیا اور جلد گھر پہنچنے کی تسلی بھی دے دی۔ مغوی سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے بھائی محفوظ اور خیریت سے ہیں تاہم ذیشان حیدر نے اپنے بھائی سلمان کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق سلمان حیدر کے گھر والوں نے تھانہ لوہی بھیرکو سلمان حیدر سے رابطہ کی اطلاع دی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان حیدر کے گھر پہنچ جانے کے بعد ان کی طبیعت کے پیش نظر ان کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پولیس اسٹیشن رمنا کی حدود سے اغواء ہونے والے سماجی کارکن و بلاگر سید ثمر عباس کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا ہے۔

ثمر عباس کے بھائی عشر عباس نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پانچ میں سے تین بلاگرز کا سراع ملنے کے بعدبھائی سے رابطہ کی امید جاگی تو ہے مگر ابھی تک رابطہ نہ ہونے کے باعث خاندان والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان حیدر کا سراغ لگا کر رابطہ ممکن بنایا جائے۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سینیٹ میںاپوزیشن جماعتوں اور گزشتہ کئی روز سے سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجات کے باعث بلاگرز کی گم شدگی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام افراد کو بازیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ ان کی بازیابی کے لئے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو کوششیں تیز کرنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کر رکھی تھیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گمشدہ پانچ بلاگرز مین سے دو بلاگرز سلمان حیدر اور ثمر عباس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اغواء ہوئے ہیں جن کے مقدمات باالترتیب تھانہ لوہی بھیر اور تھانہ رمنا میں درج ہیں۔ (عابد شاہ/حسن شاہ)

متعلقہ عنوان :