موجودہ حکومت کے 3سال میں پاک بھارت دو طرفہ تجارت میں 37ارب روپے کی کمی

منگل 31 جنوری 2017 12:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2017ء)موجودہ حکومت کے 3سال کے دوران پاک بھارت دو طرفہ تجارت میں 37ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ناسازگار سیاسی ماحول کی وجہ سے تجارت کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات چار سال سے معطل ہیں۔وزارت تجارت کی دستاویزات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کا ساتواں دور ستمبر 2012میں ہوا تھا، اس کے بعد مذاکرات کا عمل معطل ہے جس کی بڑی وجہ ناسازگار سیاسی ماحول ہے۔

2014میں سارک بزنس رہنماؤں کی کانفرنس میں پاکستان اور بھارت نے دوطرفہ تجارت کو معمول پر لانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خواہیش کا اظہار کیا تھا، اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان خراب ہوتے تعلقات کی وجہ سے اب تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق نواز شریف کی حکومت کے پہلے سال 2013-14میں دونوں ممالک کی تجارت بڑھ کر 2ارب 45کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی جس میں پاکستان کی برآمدات صرف 40کروڑ ڈالر جبکہ بھارت سے درآمدات 2ارب ڈالر سے زائد تھیں اور پاکستان کو ایک ارب 64کروڑ ڈالر سے زائد کے تجارتی خسارے کا سامنا تھا۔

نواز شریف حکومت کے 3سال کے بعد پاک بھارت تجارت کا مجموعی حجم کم ہوکر 2ارب 8کروڑ ڈالرتک پہنچ گیا ہے۔ پاکستان کی بھارت کو برآمدات کم ہوکر 30کروڑ ڈالر جبکہ بھارت سے پاکستان درآمدات ایک ارب 77کروڑ ڈالر ہوگئیں۔ پاکستان کو اس وقت بھارت سے تجارت میں ایک ارب 47کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :