وزیراعلیٰ کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ،پنجاب بھر میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا فیصلہ،کسان کارڈ کے ڈیزائن کی منظوری

اربوں روپے کے کسان پیکیج سے کاشتکاروں کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے،فصلوں کی پیداوار میں اضافے سے زیر کاشت رقبہ بڑھا ہے محکمہ زراعت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر کاشتکاروں کی رجسٹریشن کریں گی اورور اس ضمن میں خصوصی سنٹرز بھی بنائے جائیں گے ، مویشیوں کو مفت ویکسی نیشن مہم کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے :شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

منگل 31 جنوری 2017 12:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2017ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-اجلاس میں پنجاب بھر میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا اوروزیر اعلی نے کسان کارڈ کے ڈیزائن کی منظوری دی- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے کسان پیکیج کے باعث کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے اورفصلوں کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ زیر کاشت رقبے میں بھی اضافہ ہوا ہے -انہوں نے کہا کہ کھاد پر دی جانے والی سبسڈی بحال کر کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے -انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا عمل بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے کیا جائے گا- محکمہ زراعت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر کاشتکاروں کی رجسٹریشن کریں گی اور اس ضمن میں خصوصی سنٹرز بھی بنائے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ملنے والی اربوں روپے کی سبسڈی براہ راست خصوصی کسان کارڈ کے ذریعے انہیں ٹرانسفر کی جائے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ کاشتکارمیرے بھائی ہیں ان کی فلاح وبہبود مجھے بے حد عزیز ہے -کاشتکاروں کی فلاح اور ترقی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جارہا ہے - وزیر اعلی نے جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اور غیر معیار زرعی ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے- صوبے سے جعلی و غیر معیاری زرعی ادویات کا مکروہ دھندہ ہرصورت ختم کرایا جائے گا -اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کی جگہ جیل ہے -وزیر اعلی نے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام کاشتکارکو با اختیار بنانے کی جانب اہم اقدام ہے اس لئے چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے-اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور متعلقہ محکمے باہمی کوارڈینیشن کے تحت کام کریں -انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کی برآمدات بڑھانے کیلئے بین الاقوامی سٹینڈرڈ پر پورا اترنا ہو گا -لائیو سٹاک کے شعبہ میں ترقی کے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں اوران مواقع سے استفادہ کر کے لائیوسٹاک کو ترقی دینا ہے -کسان پیکیج کے تحت چولستان میں لائیوسٹاک کی سرگرمیوں کی بحالی کے پروگرام پر برق رفتاری سے عملدرآمدکی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو مفت ویکسی نیشن مہم کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے مطابق گوشت کی سپلائی میں محکمہ لائیوسٹاک کاکردار اہمیت کا حامل ہے -ٹریس ایبل گوشت کی فراہمی سے شہریوں کو صحت مند جانوروں کا حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت دستیاب ہو گا- سیکرٹری زراعت نے کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کی فلاح بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات جبکہ سیکرٹری لائیو سٹاک نے کسان پیکیج کے تحت لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے کئے جانے اقدامات پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی ، چیف سیکرٹری ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، قائمقام صدر نیشنل بنک آف پاکستان ، زرعی ترقیاتی بنک ، تعمیر بنک، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :