عابد شیر علی کھلے عام چیئرمین عمران خان اور مجھ پر حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔،شاہ محمود قریشی

تیس جنوری کو اسپیکر کی صدارت میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے باوجود وزیر کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے،نوٹس لیا جائے ،تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا اسپیکر ایاز صادق کو خط

جمعرات 2 فروری 2017 11:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2017ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسپیکر ایاز صادق سے عابد شیر علی کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے تحریری طور پر ایک خط کے ذریعے کیا ہے۔ تفصیلات کے مطاقب انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ عابد شیر علی کھلے عام چیئرمین عمران خان اور مجھ پر حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اور سماجی رابطے کی ویب سائیٹ اور قومی میڈیا پر ان دھمکیوں کے چرچے ہیں۔ خط کے متن کے مطابق تیس جنوری کو اسپیکر کی صدارت میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے باوجود وزیر کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ اس اجلاس میں متفقہ طور پر ضابطہ اخلاق طے کیا گیاتھا۔ انہوں نے سپیکر کی توجہ دلاتے ہوئے لکھا کہ عابد شیر علی کی دھمکیاں اس متفقہ ضابطے اخلاق سے مکمل انحراف ہیں۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس سلسلے میں آئندہ کے لائحے عمل کی تیاری کیلئے میں یہ معاملہ تمام پارلیمانی پارٹیز کی قیادت کے علم میں لا رہا ہوں۔