یورپی یونین کو ٹرمپ کے امریکہ سے خطرہ ہے، ڈونلڈ ٹسک

ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ کی گزشتہ 70 سال کی خارجہ پالیسی پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں، صدر یورپی یونین

جمعہ 3 فروری 2017 12:21

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2017ء)یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ اس وقت یورپی بلاک کو جن بیرونی خدشات کا سامنا ہے اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا، چین اور روس شامل ہیں۔یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے جمعہ کو مالٹا میں ہونے والی سربراہ کانفرنس سے قبل یورپی یونین کے 27 رہنماوٴں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ واشنگٹن میں آنے والی تبدیلی نے یورپی یونین کو مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا ہے، نئی انتظامیہ نے امریکا کی گزشتہ 70 سال کی خارجہ پالیسی پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین، روس اور ٹرمپ کا امریکا یورپی یونین کے لئے سب سے بڑا بیرونی خطرہ ہیں۔ ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو کبھی بھی اس قدر مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور اسے عزم و ہمت اور سیاسی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین امریکا، روس، چین اور ترکی کے ساتھ مذاکرات میں اپنے وقار کے لئے آواز بلند کرے گا اور یورپی بلاک کے انضمام کے خلاف جانے والے کسی بھی بیرونی خوف کو قبول نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مہم کے دوران سب سے پہلے امریکا کا نعرہ لگاتے ہوئے نیٹو پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ کیا فوجی اتحاد میں شامل تمام ممالک اپنا برابر حصہ ڈال رہے ہیں۔