پاک فوج بھارتی فائرنگ کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے، آرمی چیف

ایل او سی پر فائرنگ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کو پوری عوام کا تعاون حاصل ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کا لاہور گریژن کا دورہ ،جوانوں اور افسروں سے خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 13:20

راولپنڈی، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارتی فائرنگ کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے، ایل او سی پر فائرنگ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کو پوری عوام کا تعاون حاصل ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کو کورہیڈکوارٹرز اور ہیڈکوارٹر پاک رینجر پنجاب، آپریشنل تیاریوں اور دوسرے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،جنرل قمر جاوید باجوہ نے ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دینے پر پنجاب رینجر کو سراہا، آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر فائرنگ کرکے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کو پوری عوام کا تعاون حاصل ہے، پاک فوج اور رینجر پنجاب نے داخلی سلامتی کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، قوم دہشتگردی، انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے۔