حافظ سعید کے معاملے میں تمام ادارے آن بورڈ ہیں،طارق فاطمی

ڈاکٹر شکیل آفریدی نے پاکستانی قانون توڑا،پاکستانی قانون کے تحت ہی فیصلہ کریں گے بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے،برابری کی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 4 فروری 2017 13:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ حافظ سعید کے معاملے میں تمام ادارے آن بورڈ ہیں،ڈاکٹر شکیل آفریدی نے پاکستانی قانون توڑا،پاکستانی قانون کے تحت ہی فیصلہ کریں گے،بھارت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے،برابری کی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سی پیک کی وجہ سے دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اور پاکستانی معاشی ترقی کی تعریفیں عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا بیانیہ بڑا واضح اور مثبت ہے ،میں جب امریکہ گیا تھا اس وقت ٹرمپ انتظامیہ کا کوئی بندہ تعینات نہیں ہوا تھا،مسلم ممالک پر امریکی ویزہ پابندی کے قانون کے حوالے سے واشنگٹن انتظامیہ سے بات چیت چل رہی ہے،امریکی نئی ویزا پالیسی سے کیا مسائل بڑھ رہے ہیں یا کم ہورہے ہیں،فی الحال امریکی ویزا پالیسی پر واضح بیان نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

اوبامہ حکومت نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کا معاملہ اٹھایا تھا مگر شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہے اور اس نے پاکستان میں رہ کر پاکستانی قانون توڑا جس سے پاکستان کو نقصان ہوا،پاکستان میں ادارے موجود ہیں جو شکیل آفریدی کے معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے،مگر ہم شکیل آفریدی کے چکرمیں کسی دوسرے ملک سے اختلافات مول نہیں لے سکتے۔طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے ہی دن سے دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف پالیسی پہلے ہی واضح کردی تھی،ملک میں امن وامان کی بحالی کیلئے حکومت نے طالبان سمیت تمام عسکری گروپوں سے مذاکرات شروع کئے مذاکرات کی ناکامی پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا پاکستان کسی بھی تنظیم یا شخص کو کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا،ملک میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں،حافظ سعید کے معاملے پر ملک کے تمام ادارے آن بورڈ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی دفاعی بجٹ بڑھا ہے مگر وزیراعظم نے ایسے بجٹ کو تعلیم،صحت اور معاشی ترقی پر خرچ کرنے کا عزم کیا ہے۔پاکستان بھارت کے ساتھ برابر کی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہے مگر مذاکرات کیلئے بھیک نہیں مانگے گا،بھارت پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کیلئے اپنے ایجنٹوں کو بھیج رہا ہے جس کا بھارت کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ وہ امریکہ جائیں گے یہ تب وزیراعظم22گریڈ کے5قابل افسران میں سے ایک کو تعینات کردیں گے