بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے کوئی بھی ہدف پورا نہیں کیا: نیپرا

پیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کے لائن لاسسز ابھی بھی ناقابل برداشت ہیں، چوری رکی نہ سسٹم کو بحال کیا جاسکا، رپورٹ

ہفتہ 4 فروری 2017 17:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2017ء)چوری رکی نہ لائن لاسز پر قابو پایا جاسکا، کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں بھی ناکام رہیں، دعوے صرف دعوے ہی رہے، نیپرا نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ حکومت کا دعوی ہے کہ عوام کو بلاتعطل اور سستی بجلی کی فراہمی کے لئے تمام تراقدامات کرلئے ہیں لیکن حکومتی دعووں کی تصویر اس وقت گر کر چکناچور ہوگئی جب نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوڑ دی۔

نیپرا نے کارکردگی رپورٹ میں لکھاہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے کوئی بھی ہدف پورا نہیں کیا۔ پیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کے لائن لاسسز ابھی بھی ناقابل برداشت ہیں، چوری رکی نہ سسٹم کو بحال کیا جاسکا۔

(جاری ہے)

نادہندگان سے ریکوری کی صورت حال بھی تسلی بخش نہیں، یہ کمپنیاں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں بھی ناکام رہیں۔لوڈشیڈنگ سے متعلق دیے گئے اعداد وشمار بھی غلط نکلے۔ کمپنیوں کا تقسیمی نظام اتنا خراب ہے کہ پانچ برسوں میں 932اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔ کارکردگی کے حوالے سیکوئی بھی کمپنی 100 نمبر نہیں لے سکی۔ البتہ آئیسکو رینکنگ میں 74 پوائنٹ لے کرپہلے نمبر پر اور سیپکو 38 نمبرکے ساتھ سب سے خراب کارکردگی والی کمپنی ثابت ہوئی۔